اندرون سندھ فائرنگ ودیگر واقعات میں دو افراد جاں بحق

اندرون سندھ فائرنگ ودیگر واقعات میں دو افراد جاں بحق

کنڈیارو، اندرون سندھ (نمائندگان دنیا) کنڈیارو کے نواحی گائوں محمد موسیٰ میں زرعی پانی کے تنازعے پر دو گروہوں میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور سات افراد زخمی ہوگئے ۔زخمیوں اور لاش کو کنڈیارو کے تحصیل اسپتال منتقل کیا گیا۔

اسپتال میں ہلاک شخص کی شناخت آصف لاشاری کے نام سے ہوئی۔زخمیوں میں عظیم، بخشن، رمز علی اور ججو سمیت دیگر شامل ہیں۔ گھوٹکی نیشنل ہائی وے شیلٹن ہوٹل کے قریب ٹریلر کی زد میں آکر نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ نوجوان کی شناخت عمیر علی ولد امام بخش کے نام سے ہوئی ۔نوجوان کی لاش گھوٹکی پولیس نے تحویل میں لیکر تعلقہ ہسپتال گھوٹکی منتقل کی جہاں سے ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی ۔گھوٹکی پولیس نے ٹریلر ڈرائیور کو گرفتار کر کے ٹریلر تحویل میں لے لیا ،تاہم آخری اطلاع تک واقعے کا مقدمہ درج نہیں ہو سکاتھا ۔ محراب پور میں اراضی کو پانی کی فراہمی اور بچوں کی لڑائی کے معاملے پر دو گروہوں میں تصادم ہوگیا جس میں 6 افراد زخمی ہوگئے ۔ مورو تھانہ کی حدود گاؤں خوشی محمد میں ہونے والے تصادم کے دوران کلہاڑی، ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال ہوا جب کہ زخمیوں میں تین سگے بھائی لیاقت آرائیں، امجد آرائیں اور الطاف آرائیں شامل ہیں ،جنہیں نواب شاہ اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ ادھر سدوجا تھانہ کی حدود گاؤں جنگو خان لغاری میں بچوں کی لڑائی پر لغاری برادری کے دو گروپوں میں تصادم ہوگیا جس میں کلہاڑی، ڈنڈے چل گئے ،جس میں بھی دو سگے بھائی مظہر لغاری اور بچل لغاری زخمی ہوگئے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں