جلوس کی سیکورٹی کوفول پروف بنایا جائے ،ضیاء لنجار

جلوس کی سیکورٹی کوفول پروف بنایا جائے ،ضیاء لنجار

کراچی(این این آئی)سندھ کے وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب کے ہمراہ محرم الحرام کے جلوس کی گزرگاہ کا دورہ کیا اور سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔

اس موقع پرایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی آئی جی ایسٹ، ڈی آئی ایسٹ نے بریفنگ دی۔ضیاء الحسن لنجار اوربیرسٹر مرتضی وہاب نے نشتر پارک، تبت سینٹر، حسینیہ ایرانیاں کھارادر کا بھی دورہ کیا۔صوبائی وزیرداخلہ نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ ماتمی جلوس کی گزرگارہوں پر سیکیورٹی فول پروف بنائی جائے ۔ مجالس،ماتمی جلوسوں اور دیگر اجتماعات کی سیکیورٹی کو غیر معمولی بنایا جائے ۔سیکیورٹی میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے ۔جلوسوں اور مجالس پر سیکیورٹی فہرستوں کے مطابق یقینی بنائی جائے ۔انہوں نے کہاکہ محرم الحرام کے ضابطہ اخلاق پر اسکی روح کے مطابق عمل کرایا جائے ۔ مرکزی جلوس کے روٹس پر قائم واچ ٹاورز سے نگرانی کے عمل کو ٹھوس بنایا جائے ۔روٹس پر منتخب کردہ بلند عمارتوں پر تعینات اسنائپرز کو مستعد اور چوکنا رکھا جائے ۔مرکزی جلوس کے داخلی مقامات پر کڑی نگرانی کو یقینی بنایا جائے ۔سی پی او اور سوک سینٹر کمانڈ اینڈ کنٹرولز سے جلوسوں کے روٹس پر کڑی نگرانی رکھی جائے ۔میئرکراچی نے کہاکہ جلوس کے روٹس پر صفائی ستھرائی کے انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے ۔ نشتر پارک، حسینیہ ایرانیاں اور اسکے اطراف صفائی کا عملہ مامور ہے ۔اس موقع پر پولیس حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ جلوس کی گزرگارہوں کے ساتھ عمارتوں پراسنائپرز تعینات ہونگے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں