بارشوں کی پیشگوئی ،اشتہاری بورڈز ہٹائے نہ جاسکے

بارشوں کی پیشگوئی ،اشتہاری بورڈز ہٹائے نہ جاسکے

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی میں بارشوں کے پیش نظر غیر قانونی اورخطرناک بل بورڈز ہٹانے کے حکم کے باوجود سائن بورڈز نہیں ہٹائے جاسکے ۔ تیزہواؤں اور بارش کے سبب یہ بورڈز انسانی جانوں کیلئے خطرہ بن سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے بارشوں کے پیش نظرگزشتہ دنوں غیرقانونی اورخطرناک بل بورڈز ہٹانے کا حکم دیا تھا ۔ اس ضمن میں چیف سیکریٹری سندھ کی منظوری کے بعد اقدامات سے متعلق خط ارسال کیا گیا، خط محکمہ جنرل ایڈمنسٹریشن کے ڈویژنل کمشنر اور سیکریٹری بلدیات کو لکھا گیا تھا۔خط میں کہا گیا تھا کہ محکمہ موسمیات نے صوبے بھرمیں شدیدمون سون بارشوں کی پیشگوئی کی ہے ، تیز ہواؤں اوربارش کے سبب یہ بل بورڈانسانی جانوں کیلئے خطرہ بن سکتے ہیں۔خط میں مزید کہنا تھا کہ ان بورڈزکوفوری طورپرہٹایاجائے ، ایسے ہی تمام خطرناک بورڈز کو سپریم کورٹ نے بھی ہٹانے کا حکم دیا ہے ۔واضح ہدایت کے باوجود شہر بھر میں شاہراہوں کی عمارتوں پر نصب دیوہیکل بل بورڈ نہیں ہٹائے جا سکے ۔ بارش کے موقع پر دیوہیکل بل بورڈز انسانی زندگیوں کے لیے انتہائی خطرناک ہیں ۔اہم ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کی ہدایت کو بل بورڈمافیا نے نظر انداز کر دیا ہے اور شہر کی کسی بھی شاہراہ اور اس کے اطراف کی بلند عمارتوں سے تاحال بل بورڈز نہیں اتارے گئے ہیں ۔

ملنے والی اطلاعات کے مطابق شارع فیصل،کورنگی روڈ،شاہراہ پاکستان،راشد منہاس روڈ،شہید ملت روڈ،ایئرپورٹ،شاہراہ عراق اور دیگر کمرشل شاہراہوںپر بلند عمارتوں پر دیوہیکل بل بورڈنصب ہیں جو کراچی میں ممکنہ طوفان کے دوران کسی بڑے حادثے کا باعث بن سکتے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے لیٹر جاری کر کے اپنی کاغذی ذمہ داری پوری کر لی گئی ہے جب کہ ماتحت انتظامیہ کی جانب سے بھی ان کی ہدایت پر تاحال کوئی حکمت عملی نہیں بنائی گئی ہے ۔ایک جانب وزیر اعلیٰ سندھ اور سندھ کے وزراء ممکنہ طوفان کی تباہ کاریوں سے عوام کو توآگاہ کررہے ہیں لیکن ان کی جانب سے عوام کی جان ومال کو تحفظ دینے کیلئے کسی قسم کے کوئی اقدامات نہیں کیے جارہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے متعدد مقامات پر سڑکیں کھدی ہوئی ہیں جوکہ ممکنہ طوفان اور شدید بارشوں کے نتیجے میں انسانی جانوں کے لیے ایک بڑا رسک ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ بارشوں کی پیشگوئی کے باوجود سڑکوں پر موجود گڑھے نہیں بھرے گئے جو حادثات کا سبب بن سکتے ہیں جبکہ نالوں کی صفائی بھی مکمل نہیں کی جاسکی جس سے نالے اوور فلو ہوکر شہر کو ڈبونے کی وجہ بن سکتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں