پولیس اسپتالوں میں او پی ڈیز کی سہولت بہتر بنانے کی ہدایت

کراچی(اسٹاف رپورٹر )آئی جی غلام نبی میمن کی زیر صدارت سندھ پولیس کے اسپتالوں اور ڈسپنسریوں میں سہولتوں کی بہتری اور اپ گریڈیشن کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
سینٹرل پولیس آفس کراچی میں منعقدہ اجلاس میں سی پی ایل سی چیف، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر، ڈی آئی جیز ہیڈ کواٹرز،ٹریفک کراچی، ایم ایس پولیس اسپتال کراچی سمیت دیگر پولیس افسران نے بالمشافہ جبکہ ڈی آئی جی حیدرآباد،ایس ایس پی سکھر نے بذریعہ وڈیولنک شرکت کی۔ ڈی آئی جی حیدرآباد، ایس ایس پی سکھراور ایم ایس پولیس اسپتال کراچی نے اجلاس کے شرکائکو اسپتالوں میں طبی سہولیات پر تفصیلی بریفنگ میں بتا یا کہ کراچی پولیس اسپتال میں یومیہ 600 جبکہ حیدرآباد پولیس اسپتال میں یومیہ 250 سے زائد مریض علاج معالجے کی سہولتوں سے مسفید ہورہے ہیں۔آئی جی نے ہدایت کی کہ پولیس اسپتالوں میں او پی ڈیز کی سہولتیں مز ید بہتر بنانے کے لیے تجربہ کار ڈاکٹرز، ڈائیگنوسٹک/تشخیص کی سہولت اور معیاری ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے بتایا کہ عنقریب ہیلتھ انشورنس سہولت کے ذریعے اہلکاروں اور اہل خانہ کو بہترین اسپتالوں میں 10 لاکھ روپے تک کے علاج کی انڈور سہولت فراہم کی جاسکے گی۔ بلڈپریشر اور شوگر کے مریض اہلکاروں کا سروے کرواکے انہیں 3 ماہ کی ادویات فراہم کی جائیں۔اسپتالوں کی سہولتوں سے متعلق فیڈبیک میکنزم ترتیب دیا جائے ، تاکہ دستیاب سہولتوں کو مز ید بہتر کیا جاسکے ۔