خطرناک ڈکیت گینگ کے 6 کارندے پکڑے گئے ، تاجر سے بھتہ مانگنے والا بھی گرفتار

خطرناک  ڈکیت  گینگ  کے  6  کارندے  پکڑے  گئے  ،  تاجر  سے  بھتہ  مانگنے  والا  بھی  گرفتار

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈسٹرکٹ کورنگی پولیس نے دو کاروائیوں کے دوران خطرناک ڈکیت گینگ کے 6 کارندے پکڑ لیے جبکہ تاجر سے بھتہ مانگنے والا ملزم بھی دھر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق لانڈھی پولیس نے ٹیکنیکل بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 6 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ چار پستول ،چھینے ہوئے 18 موبائل فونز ،اور نقدی برآمد کر لی۔ ایس ایس پی کورنگی توحید الرحمن میمن کے مطابق ملزمان کا گروہ شاہ لطیف، سہراب گوٹھ ،صدر، شاہراہ فیصل اور کورنگی کے علاقوں میں اسٹریٹ کرائم کی درجنوں وارداتیں کر چکا ہے ،جبکہ ملزمان نے دو ہفتے قبل لانڈھی نمبر چھ میں بریانی کی دکان لوٹی تھی جبکہ اسی گروہ نے عید الفطر کے چند روز بعد شاہ فیصل کالونی میں شہری سے ایک لاکھ 70 ہزار روپے چھینے تھے ،ملزمان نے نیشنل ہائی وے انور بلوچ ہوٹل کے قریب شہری سے ڈیڑھ ماہ قبل تین لاکھ روپے چھینے تھے اس کے علاوہ ملزمان اختر کالونی ،عوامی کالونی، سنگر چورنگی، لانڈھی ،بابر مارکیٹ اور دیگر علاقوں میں لوٹ مار کی کئی وارداتوں کا انکشاف کر چکے ہیں ایس ایس پی کے مطابق گرفتار ملزمان کا گروہ واردات کے لیے پہلے دو ساتھیوں کو بھیج کر ریکی کرواتا تھا۔گرفتار ملزمان میں علی رضا، ظفر اقبال ، حیدر ، عبدالرحمن، لیاقت اور عابد شامل ہیں۔ تھانہ کورنگی پولیس نے تاجر سے 15 لاکھ روپے بھتہ مانگنے والے ملزم اخلاق عرف شاہد کو گرفتار کر لیا پولیس کے مطابق ملزم نے تاجر کو بھتہ نہ دینے کی صورت میں قتل کی دھمکی دی تھی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں