نظام اورکلچر بدلنے کیلئے اقدام کرنا ہوں گے ،گورنر

نظام اورکلچر بدلنے کیلئے اقدام کرنا ہوں گے ،گورنر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ مختلف ممالک کے قونصل جنرل نے پیشکش کی ہے کہ جو بھی بچہ گورنراینیشیٹو کے تحت آئی ٹی کورس مکمل کرے گا اسے یہ اپنے ممالک میں نوکریاں دیں گے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ کو آئی ٹی کا مرکز بنائیں گے ، انشااللہ سندھ آئی ٹی کے حوالہ سے مثالی صوبہ کہلائے گا ، ہمارا ہدف 10لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی ماہر بناناہے ۔ ان خیالا ت کاا ظہار انہوں نے گورنرہاؤس میں منعقدہ تقریب میں مختلف ممالک کے قونصل جنرل اور انٹر پرینیور آرگنائزیشن کراچی کے ممبران سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے انٹر پرینیور آرگنائزیشن کی صدر یاسمین دادابھائی نے بھی خطاب کیا۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ ایس آئی ایف سی پاکستانی تجارتی حجم میں حائل رکاوٹوں کو بھی دور کرے گی کیونکہ اس وقت سعودی عرب ، قطر اور متحدہ عر ب امارات کے سرمایہ کاروں نے پاکستان کے مختلف شعبوں میں اپنی سرمایہ کاری شرو ع کردی ہے اور جلد مزید سرمایہ کاری کی بھی توقع ہے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ ہمیں نظام اور کلچر بدلنے کے لیے اقدام اٹھانا ہوں گے ، ہم نے اس گورنرہاؤس کے دروازے عوام کے لئے کھول دیئے ہیں ، گورنر ہاؤس میں ایک سیل بنانے کا اعلان کیا یہ سیل بزنس مین اور قونصل جنرل کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط کرے گا ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں