سکھر :ضلع انتظامیہ کی نااہلی،شہر گندگی کے ڈھیر میں تبدیل
سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر میونسپل کارپوریشن کی نااہلی و غفلت کے باعث سکھر شہر گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا، جگہ جگہ کچرے کے انبار لگ گئے ، شہریوں نے حکام بالا سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سکھر میونسپل کارپوریشن اور ضلع انتظامیہ کی غفلت کے باعث سندھ کا تیسرا اور کاروباری لحاظ سے دوسرا بڑا شہر سکھر گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا ہے ۔ شہر کے مختلف علاقوں حسینی روڈ، غریب آباد، میانی روڈ، ورکشاپ روڈ، ایوب گیٹ، مشن روڈ، مینارہ روڈ، نیو پنڈ، شکارپور روڈ، بیراج روڈ اور بیراج کالونی سمیت دیگر علاقوں میں کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں ۔ اس سلسلے میں شہریوں کا کہنا تھا کہ گندگی اور غلاظت کی وجہ سے شہر میں تعفن پھیلا ہوا ہے جس سے شہری پریشانی کاشکار ہیں، جبکہ مچھروں ، مکھیوں سمیت دیگر کیڑوں کی بھی بہتات ہو گئی ہے ، جس سے مختلف امراض جنم لے رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ماہانہ لاکھوں روپے تنخواہوں کی مد میں جاری ہونے کے بعد بھی سکھر شہر گندگی کا ڈھیر بنا ہوا ہے، جو کہ سکھر میونسپل کارپوریشن اور سکھر ضلع انتظامیہ کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ انہوں نے حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ سکھر شہر کی صفائی ستھرائی کے لئے بہتر سے بہتر اقدامات کئے جائیں تاکہ شہریوں کو ریلیف مل سکے۔