حیسکو عدم ادائیگی پر بجلی کاٹے ،عوام کو جیل نہ بھیجے ،انیس قائم خانی

  حیسکو عدم ادائیگی پر بجلی کاٹے ،عوام کو جیل نہ بھیجے ،انیس قائم خانی

حیدرآباد (نمائندہ دنیا)ایم کیو ایم حیدرآباد کے تحت شجر کاری اور گرین حیدرآباد مہم کے سلسلے میں حیدرآباد میں مرکزی تقریب منعقد کی گئی ۔۔۔

جس کے مہمان خصوصی مرکزی رکن رابطہ کمیٹی انیس احمد قائم خانی ،سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی تھے۔پروگرام میں مرکزی عہدیداران ،حق پرست اراکین قومی اسمبلی سید وسیم حسین، پروفیسر عبد العلیم خانزادہ ،اراکین سندھ اسمبلی نجم مرزا،انیل کمار، راشد خان ایڈووکیٹ، انجینئر صابر حسین قائم خانی،ناصر حسین قریشی بھی شریک تھے ۔اس موقع پر انیس احمد قائم خانی نے کہا کہ ایم کیو ایم حیدرآباد میں ہزاروں پودے لگا رہی ہے ،اس سال شدید گرمی میں حیسکو نے عوام کے ساتھ ظلم کیا ۔انہوں نے حیسکو کو متنبہ کیا کہ بجلی کا بل نہ بھرنے پر حیسکو بجلی منقطع کرے لیکن شہریوں کو کرمنل و دہشت گردی کے کیس درج کروا کر جیل بھیجنے سے باز رہے ،ورنہ ہم حیسکو کے خلاف عدالتوں میں جائیں گے اور ان کے خلاف کیس داخل کروائیں گے ۔اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی علی خورشیدی نے کہا کہ سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی کی متعصبانہ پالیسیوں کی وجہ سے حیدرآباد کو اجاڑ دیا گیا ہے ، سندھ حکومت ترقیاتی کام کرانے کو تیار نہیں، اس ماہ بارشوں کی شدید پیشگوئی ہے لیکن ہمارے اراکین سندھ اسمبلی کو قسم کی مشاورت میں شامل نہیں کیا گیا۔انہوں نے مزید کہاکہ ہم حیدرآباد میں گرین حیدرآباد مہم شروع کرنے جا رہے ہیں ،عوام اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں