کے ایم سی کو ٹیکس دینے میں کسی کی دلچسپی نہیں ،میئر

کے ایم سی کو ٹیکس دینے میں کسی کی دلچسپی نہیں ،میئر

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہری وفاق کا ٹیکس دینے کے ساتھ بلدیاتی اداروں کا ٹیکس بھی ادا کریں۔۔

 شہری ہمارا ساتھ دیں تو ہمیں وفاق اور سندھ کی طرف دیکھنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔کے ایم سی ہیڈ آفس میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ واٹر بورڈ کے 52 ارب روپے شہریوں پر واجب الادا ہیں جو انہیں ادا کرنے چاہئیں تاکہ فراہمی و نکاسی آب کو بہتر کیا جاسکے ، بلدیاتی اداروں کے پاس جو بھی وسائل ہیں ان کے تحت پوری لگن کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کو ٹیکس دینے میں کسی کی دلچسپی نہیں ، فائربریگیڈ کی سہولت ہم فراہم کرتے ہیں، برساتی نالوں کی صفائی سمیت دیگر بلدیاتی کام ہم انجام دیتے ہیں لیکن شہری ایم یو سی ٹی بل ادا نہیں کرتے ۔میئرنے کہا کہ کے ایم سی کے زیر انتظام تمام سڑکوں پر برساتی پانی کی نکاسی کیلئے بڑے اور چھوٹے پمپس موجود ہیں، تنقید کرنے والے کب تک تنقید کرینگے ؟ ہم مثبت سوچ کے ساتھ کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ماضی میں بڑی شاہراہیں ڈوب جایا کرتی تھیں۔ مختلف ٹاؤنز کے جماعت اسلامی سے وابستہ چیئرمین رابطے میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق برساتی پانی کی نکاسی کیلئے تمام تیاریاں مکمل ہیں، ہماری کوشش ہے کہ شہریوں کوکم تکالیف کا سامنا کرنا پڑے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں