شہری کو دھمکانے پرسب انسپکٹر کو حراست میں لینے کاحکم

شہری کو دھمکانے پرسب انسپکٹر کو حراست میں لینے کاحکم

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے شہری کو مبینہ پولیس مقابلے میں مارنے کی دھمکیوں کے خلاف دائر درخواست پر ڈی آئی جی پولیس کو تحقیقات کرنے کاحکم جاری کردیاہے ۔

فاضل عدالت دوران سماعت گواہ کودھمکانے اور کورٹ ڈیکورم کی مسلسل خلاف ورزی کرنے پر سب انسپکٹر محمد امین کو حراست میں لے لیا۔سماعت شروع ہوئی تو ڈی ایس پی سہراب گوٹھ سہیل فیض عدالت میں پیش ہوا۔ڈی ایس پی کاکہناتھاکہ الزامات غلط ہیں، نیب کیسز کی زمینوں سے تجاوزات خاتمے کی کارروائی کررہے ہیں ۔ مقدمے کے گواہ مولوی آصف نے عدالت کوبتایاکہ درخواست گزار حبیب ولی کو دھمکی اسکی موجودگی میں دی گئی تھی۔جسٹس شمس الدین عباسی نے سب انسپکٹر محمد امین کے رویے کا نوٹس لیتے ہوئے اسے فوری حراست میں لینے کا حکم دے دیا۔جسٹس شمس الدین عباسی نے سب انسپکٹر امین کے رویے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ فاضل عدالت نے ڈی آئی جی ویسٹ کو حکم دیاکہ درخواست گزار حبیب ولی اور گواہ مولوی آصف کو تحفظ فراہم کیاجائے ۔درخواست گزار کے وکیل منصف جان ایڈووکیٹ نے موقف اختیارکیاکہ 19 اگست کو چوکی انچارج نے کال کی کہ حبیب ولی کو ڈی ایس پی سہراب گوٹھ نے بلایا ہے ۔حبیب ولی کو ڈی ایس پی نے دھمکی دی کہ مغرب سے پہلے کراچی نہ چھوڑاتو جعلی پولیس مقابلے میں ماردیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں