بچیوں کو حبس بے جا میں رکھنے کیخلاف درخواست مسترد

بچیوں کو حبس بے جا میں رکھنے کیخلاف درخواست مسترد

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ایسٹ نے انسانی اسمگلنگ اور دستاویزات میں ردوبدل کے کیس میں بچیوں کو حبس بے جا میں رکھنے کے خلاف درخواست مسترد کردی۔

 صارم برنی ٹرسٹ کے حوالے کی گئی دو بچیوں کی واپسی کے کیس میں واصف شبیر کی درخواست دائرکی تھی۔ عدالت نے قراردیا کہ درخواست گزار نے دونوں بچیوں کے برتھ سرٹیفکیٹ پیش نہیں کیے ،درخواست گزار نے ایسا کوئی مواد پیش نہیں کیا جس سے معلوم ہو بچیوں کو زبردستی صارم برنی ٹرسٹ میں رکھا گیا ہے ، درخواست گزار کے مطابق وہ بچیوں سے 2019 سے ملاقات کرتے رہے ہیں مگر کوئی ثبوت پیش نہیں کیا ،عدالت نے بچیوں کو حبس بے جا میں رکھنے کی درخواست مسترد کردی ۔عدالت نے قرار دیا کہ صارم برنی عدالتی اجازت کے بغیر بچیوں کو ضلع سے باہر نہیں لے جا سکتا ۔درخواست گزار کا کہنا تھا کہ 2019 میں اپنی گیارہ سالہ بچی جنت فاطمہ اور7سالہ شازیہ کو مالی مسائل کے باعث صارم برنی ٹرسٹ کے حوالے کیا تھا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں