بجلی بلوں میں میونسپل ٹیکس ،حکم امتناع کی استدعا مسترد

 بجلی بلوں میں میونسپل ٹیکس ،حکم امتناع کی استدعا مسترد

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے بجلی کے بلوں میں میونسپل ٹیکس کی وصولی سے متعلق درخواست پر سندھ حکومت اور دیگر سے 10 ستمبر کو جواب طلب کرلیا ۔

جمعہ کو سندھ ہائی کورٹ میں بجلی کے بلوں میں میونسپل ٹیکس کی وصولی سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی ۔عدالت نے ۔ بجلی کے بلوں میں کے ایم سی ٹیکس وصولی پر حکم امتناع جاری کرنے کی استدعا مسترد کردی۔درخواست گزار وکیل طارق منصورایڈووکیٹ نے بتایا کہ بلوں کی وصولی کے لئے 5 ستمبر کی تاریخ دی گئی ہے۔ سندھ حکومت جواب جمع نہیں کرا رہی تو حکم امتناع جاری کیا جائے ۔طارق منصور ایڈووکیٹ نے بتایا کہ ایم یو سی ٹی چارجز کا نفاذ سندھ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2013 کی خلاف ورزی ہے ۔نیپرا بھی کے الیکٹرک کی جانب سے کے ایم سی ٹیکس وصولی کو خلاف قانون قرار دے چکی ہے ۔میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے عدالت کے 29 مئی 2024 کے احکامات کی خلاف ورزی کی ہے ۔درخواست گزار نے کہا کہ عدالتی حکم کے مطابق یوٹیلیٹی ٹیکس کے الیکٹرک کے ذریعے وصولی کے بارے میں تفصیلی بحث ضروری تھی۔میئر کراچی نے اس معاملے پر کمیٹیوں کو بریف کیا نہ ایوان میں بحث کا موقع دیا۔سندھ حکومت نے تحریری جواب جمع کرانے کے لئے مہلت مانگ کی۔عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ جواب جمع کرانے کے لئے آخری مہلت دے رہے ہیں۔جمع نہ کرایا گیا تو کیس سن کر فیصلہ کردیں گے ۔عدالت نے سندھ حکومت اور دیگر فریقین سے 10 ستمبر کو جواب طلب کرلیا ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں