سمندر جانے پرپابندی شہریوں نے ہوا میں اڑادی

سمندر جانے پرپابندی شہریوں نے ہوا میں اڑادی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سمندری طوفان کے پیش نظر سمندر میں نہانے اور ساحل پر جانے کیلئے عائد سرکاری پابندی کو شہریوں نے نظر انداز کردیا ۔

جمعہ کو شہریوں کی بڑی تعداد سی ویو پہنچ گئی خواتین اور بچوں نے موسم کو خوب انجوائے کرتے ہوئے گھوڑا اور اونٹ سواری کے مزے بھی لیے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان بلوچستان اور سندھ کی ساحلی پٹی پر ٹکرائے گا ۔تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے جمعہ کو الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ سمندری طوفان سندھ اور بلوچستان کی پٹی پر ٹکرائے گا ۔محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے بعد تمام سرکاری ادارے الرٹ ہیں ۔ساحلی پٹی کے اطراف خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ کمشنر کراچی نے سمندر میں نہانے اور ساحل پر جانے کی پابندی لگائی تھی لیکن شہریوں کی بڑی تعداد نے اس پابندی کو نظر انداز کرکے سی ویو پر پہنچ کر موسم کو خوب انجوائے کیا جمعہ کو دن بھر کراچی پر کالے بادلوں کا راج تھا تیز ہوائیں چل رہی تھیں کبھی ہلکی اور تیز بارشوں کا سلسلہ بھی جاری تھا اس دوران خواتین اور بچے بڑی تعداد میں سی ویو پر گھوڑ اور اونٹ سواری کرکے خوب مزے لیتے رہے ۔ دوسری جانب متعلقہ سرکاری اداروں کے اعلی حکام نے ساحلی پٹی کے اطراف رہنے والے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ بلاجواز غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلیں جبکہ شہریوں ساحل پر جانے سے گریز کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں