سڑکوں کی ناقص تعمیر کا اعتراف ، کنٹریکٹرز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

سڑکوں  کی  ناقص  تعمیر کا اعتراف  ، کنٹریکٹرز کے  خلاف  کارروائی  کا  فیصلہ

کراچی (این این آئی)میئر کراچی مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ کراچی میں بارش کے بعد صورتحال قابو میں ہے۔۔

شہر کے تمام انڈر پاس اور شاہراہیں صاف ہیں۔ شہر کے دورے کے موقع پر نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہر بھر میں جہاں جہاں پانی جمع ہے وہاں نکاسی آب کا عمل جاری ہے ۔ میئرکراچی نے کہاکہ شہر کے تمام انڈرپاس صاف ہیں، چند گلیوں میں پانی ہے ، وہاں نکاسی کا عمل جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ پروپیگنڈا کیا گیا کہ طارق روڈ، شارع قائدین ڈوب گئی، خدا داد کالونی زیر آب ہے لیکن دورہ کیا تو وہاں پانی نہیں تھا۔کچھ لوگ منفی پراپیگنڈا کررہے ہیں، وقت آگیا ہے کہ ذہنوں کی صفائی بھی کی جائے ۔انہوں نے اعتراف کیا کہ گلشن معمار اور منگھو پیر میں کچھ مقامات پر مسائل ہیں، بارش سے شہر کی سڑکوں کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔اپنی بات چیت کے دوران میئر کراچی مرتضیٰ وہاب تسلیم کیا کہ بارش سے شہر کی سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے ،انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں سڑکوں کی تعمیر میں کوتاہی برتنے والے کنٹریکٹرز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔واضح رہے کہ کراچی شہر میں اس سال بارش اتنی نہیں ہوئی کہ اربن فلڈنگ ہو تاہم نئی پرانی کئی چھوٹی بڑی سڑکوں کا معیار ایسا نکلا کہ تھوڑے سے پانی نے انہیں سفر کرنے کے قابل نہ چھوڑا۔شہر میں ہونے والی بارش کے بعد گودھرا چوک سے راشد منہاس روڈ جانے والی سڑک کسی کچے کے علاقے کا منظر پیش کرنے لگتی ہے ، ایک جانب گارڈن پولیس ہیڈکوارٹر والی سڑک پر برساتی پانی بھی سڑک کی خستہ حالی کی کہانی سناتا ہے تو ایم اے جناح روڈ پر بھی برساتی پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوجاتی ہے ۔سڑکوں کی خراب صورتحال کسی ایک علاقے میں نہیں بلکہ ملیر، شاہ فیصل کالونی، نارتھ ناظم آباد ، ماڈل کالونی سمیت کئی علاقوں کی یہی صورتحال ہے ۔خیال رہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے ، بارش کے پیش نظر شہر کے تعلیمی ادارے جمعے کو بند رہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں