ایم اے جناح روڈ کی سڑکیں،گلیاں کھنڈرات میں تبدیل
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)شہر کی مصروف ترین شاہراہوں سے بارشوں کے کئی روز بعد بھی صفائی ستھرائی کا کام شروع نہ ہوسکا۔
ایم اے جناح جیسی اہم شاہراہ کے عقب میں بدستور سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار، کھلے مین ہولز، جابجا پھیلا گندا پانی، کیچڑ اور کچرے کے ڈھیر نے بلدیاتی اداروں کی کارکردگی کا پول کھول دیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق حالیہ بارشوں کے بعد بیشتر مقامات پر سیوریج کے گندے پانی سے ایم اے جناح روڈ کی متعدد سڑکیں اور گلیاں کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہیں، مرکزی سڑکیں ہو یا اندورنی گلیوں کی سڑکیں سب کی صورتحال ابتر ہے جبکہ جگہ جگہ گٹر ابل پڑے ہیں۔ایم اے جناح روڈ کے عقب میں انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن ، مشہور نجی اسکولوں، سٹی مال، گل پلازہ سمیت مختلف مارکیٹیں اور اہم تجارتی مراکز سمیت دفاتر قائم ہیں جہاں سیوریج کا نظام نہ ہونے کے برابر ہے شہریوں کا کیچڑ اور گندگی سے پیدل چلنا بھی محال ہے ۔علاقہ مکینوں نے بتایاکہ 4 ماہ سے سیوریج کا نظام ناکارہ ہے حادثات معمول بن گئے ہیں ۔ گندے پانی کے جوہڑ سے بیماریاں بھی پھیل رہی ہیں۔