حکومتی جماعت کے دفتر کی آڑ میں چوری کا بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا

حکومتی  جماعت  کے  دفتر  کی  آڑ میں  چوری  کا بڑا  نیٹ ورک پکڑا گیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے کلفٹن میں مبینہ طور پر حکومتی جماعت کے دفتر کی آڑ میں قائم پانی چوری کا بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا ۔۔۔

شہر کے پوش علاقے سے طاقتور پانی مافیا کے خاتمے کیلئے واٹر کارپوریشن کے سربراہ سید صلاح الدین احمد متحرک ہیں واٹر کارپوریشن حکام کا کہنا ہے کہ پانی مافیا واٹر کارپوریشن کی لائنوں سے روزانہ 2 لاکھ گیلن پانی چوری کررہا تھا سی ای او واٹر کارپوریشن سید صلاح الدین احمد کا کہنا ہے کہ پانی مافیا کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا ،پانی مافیا کے خلاف آپریشن میں مزید تیزی لائی جارہی ہے ۔تفصیلات کے مطابق کلفٹن للی برج کے نیچے ایک حکومتی جماعت کے دفتر کی آڑ میں طاقتور پانی مافیا نے پانی چوری کا بڑا اور منظم نیٹ ورک قائم رکھا تھا جہاں پر واٹر کارپوریشن کی پانی کی لائنوں سے روزانہ 2لاکھ گیلن پانی چوری کرکے فروخت کیا جاتا تھا۔ واٹر کارپوریشن کے سربراہ سید صلاح الدین احمد کی خصوصی ہدایت پر واٹر کارپوریشن اینٹی تھیفٹ سیل اور واٹر کارپوریشن کلفٹن سیکشن کے عملے نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے پانی چوری کا یہ بڑا نیٹ ورک پکڑ لیا پانی چوری کیلئے ڈالی گئی تمام لائنیں اکھاڑ دی گئیں ۔حکام کا کہنا ہے کہ کلفٹن میں پانی چوری کا یہ نیٹ ورک پانی مافیا کے کارندے عمیر اور جانی نامی افراد چلارہے تھے اور محتاط اندازے کے مطابق واٹر کارپوریشن کو اس پانی چوری کے نیٹ ورک سے سالانہ 160ملین کا نقصان ہورہا تھا ۔حکام واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ شہر کے پوش علاقے کلفٹن میں پانی چوری کے خلاف ہونے والے اس کامیاب آپریشن کا تمام تر سہرا سی ای او واٹر کارپوریشن کو جاتا ہے جنہوں نے نہ صرف ایک اسپیشل ٹیم کو ٹاسک دیا بلکہ ایکشن کیلئے تمام اختیارات بھی دیئے اور آپریشن کے دوران آنے والے دبائو کو کسی صورت کارروائی میں اثر انداز نہیں ہونے دیا ۔سی ای او کا کہنا ہے کہ کسی بھی علاقے میں پانی چوری کی شکایت یا اطلاع موصول ہوگی وہ خود اپنی نگرانی میں آپریشن کروائینگے زرائع کا دعوی ہے کہ تقریباً آٹھ سال سے کلفٹن میں پانی چوری کا یہ بڑا نیٹ ورک چلایا جارہا تھا، پانی چوری کرکے زیر زمین ٹینک میں محفوظ کیا جاتا تھا جو چھوٹے ٹینکرز کے زریعے فروخت کیا جاتا تھا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں