جعلی کھاد، زرعی دوائیں بنانے والے 12ملزمان گرفتار

جعلی کھاد، زرعی دوائیں بنانے والے 12ملزمان گرفتار

کراچی (اسٹاف رپورٹر )منگھوپیر پولیس نے جعلی کھاد، زرعی ادویات اور سیمنٹ کیمیکل بنانے والے 12 ملزمان کوگرفتارکرلیا ۔

 تفصیلات کے مطابق منگھوپیر پولیس نے محمد خان کالونی میں چھاپہ مار کاروائی کی جہاں فیکٹری ایریا میں غیر قانونی ادویات اور کیمیکل کی مدد سے جعلی کھاد اور سیمنٹ میں استعمال ہونے والا جعلی کیمیکل بنایا جاتا تھا۔ ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق فیکٹری سے 293 بورے سیمنٹ پاؤڈر، 55 بورے کھاد پاؤڈر، 150 بورے خالی، 200 ایچ آر شیڈ مارٹن، کیمیکل، ریتی و دیگر اشیاء برآمد ہوئی۔ملزمان مضر صحت کیمیکلز اور خراب ٹائر کو کاٹ کر جعلی کھاد اور سیمنٹ کا کیمیکل تیار کرکے جعلی ناموں سے سپلائی کرتے تھے ۔ گرفتار ملزمان میں ابراہیم، محمد خالد، صداقت، شوکت، عبدالجبار، بسم اللہ، سہراب، عنایت اللہ، محمد ہاشم، ثمر خان، نذیر احمد اور واحد بخش شامل ہیں۔ ادھر سائٹ سپر ہائی وے پولیس نے چاکر ہوٹل اختر کانٹا کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد دو ملزمان شاہ فہد اور عادل کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے بغیر نمبر پلیٹ کی موٹرسائیکل اور اسلحہ برآمد کر لیا ۔ملزمان اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے ۔ دوسری جانب خواجہ اجمیر نگری پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہو گئے پولیس کو زخمی حالت میں گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور موبائل فون بھی ملا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں