جرائم کا خاتمہ شہریوں کے تعاون کے بغیر ناممکن، طارق دھاریجو

جرائم کا خاتمہ شہریوں کے تعاون کے بغیر ناممکن، طارق دھاریجو

حیدر آباد (بیورو رپورٹ) ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس حیدرآباد رینج طارق رزاق دھاریجو نے کہا ہے کہ جرائم کا خاتمہ شہریوں کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔۔۔

 منظم جرائم کی بیخ کنی کے لئے مربوط حکمت عملی مرتب کی جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس ہیڈ کوارٹرز حیدرآباد میں پولیس کے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں حیدرآباد رینج میں امن وامان کی مجموعی صورتحال، پولیس اسٹیشن کے انضمام سمیت دیگر محکمانہ امور زیر بحث لائے گئے ۔ اجلاس میں حیدرآباد رینج کے تمام ایس ایس پیز، ایس پی اسپیشل برانچ اور ڈی ایس پیز نے شرکت کی۔ ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج نے مزید کہا کہ جرائم کے سد باب اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں ،سنگین نوعیت کے مقدمات میں ملوث روپوش، مفرور اور اشتہاریوں کی گرفتاری کو ہر صورت یقینی بنائیں تاکہ معاشرے سے جرائم کا خاتمہ ممکن ہوسکے ۔انہوں نے حیدرآباد رینج کے تمام ایس ایس پیز کو ہدایت کی کہ شہریوں میں تحفظ کے احساس کو مزید تقویت دینے کے لئے پولیسنگ اقدامات بشمول پیٹرولنگ، اسنیپ چیکنگ، ناکہ بندی اور سرچنگ جیسے امور میں اضافہ اور منظم جرائم کے خلاف بھرپور اقدامات کئے جائیں۔ ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج نے پولیس افسران پر زور دیا کہ اپنی تمام تر صلاحیتیں صرف شہریوں کی جان و مال عزت و آبرو کے تحفظ اور ان کی املاک کی حفاظت کے لئے وقف کریں اور پولیس و شہریوں کے درمیان اعتماد کو بحال کرنے کیلئے اپنا موثر کردار ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دوران تفتیش قانون اور انصاف کے تمام تر تقاضوں کو پورا کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں