لیاقت آباد سی ایریا میں پارک و ماڈل اسٹریٹ کا افتتاح

لیاقت آباد سی ایریا میں پارک و ماڈل اسٹریٹ کا افتتاح

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ٹاؤن چیئرمین لیاقت آباد فراز حسیب،وائس چیئرمین اسحاق تیموری کے ہمراہ یونین کمیٹی نمبر7سی ایریا میں ٹیپو سلطان پارک اور سید شہاب الدین ماڈل اسٹریٹ کا افتتاح کیا۔

پارک کی بحالی وماڈل اسٹریٹ کی تعمیر ٹاؤن چیئر مین اور ان کی ٹیم کی کوششوں کے باعث ممکن ہوئی۔علاقہ مکینوں نے جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کی کوششوں و عوامی خدمت کو سراہا اور تشکر کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں منعم ظفر خان نے ہفتہ یکجہتی فلسطین و لبنان اورجماعت اسلامی کی ممبر شپ مہم کے سلسلے میں الکرم اسکوائر لیاقت آباد پر قائم کیمپ کا بھی دورہ کیا اور عوام کو ممبر بنایا،منعم ظفر نے خطاب میں کہا کہ اسرائیل کی جارحیت و دہشت گردی کو روکنے کے لیے پوری امت کو متحد بالخصوص ہمارے حکمرانوں کو بزدلی ترک کرکے اسرائیل کے خلاف مشترکہ طور پر راست اقدام کرنا پڑے گا۔ عوام کے اندر اسرائیل کے حوالے سے کوی ابہام نہیں، عوام اسرائیل کے خلاف ہیں، حکمرانوں پر عوامی دباؤ بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ جماعت اسلامی کے تحت اتوار 6اکتوبر کو 3بجے دن شارع فیصل پر عظیم الشان اور تاریخی الاقصیٰ ملین مارچ منعقد ہوگا، اہل کراچی بھرپورشرکت کرکے پوری دنیا کو اسرائیل کے خلاف متحد ہونے کا پیغام دیں۔ اس موقع پر لیاقت آباد ٹاؤن کے کو آرڈی نیٹر صغیر احمد انصاری، مختلف یوسی چیئرمین منتخب بلدیاتی نمائندے موجود تھے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں