لاڑکانہ:افسران زیر سماعت مقدمات کی پیروی کریں ،ڈپٹی کمشنر
لاڑکانہ(بیورورپورٹ) ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ ڈاکٹر شرجیل نور چنا نے ضلع کے تمام افسران پر زور دیا ہے کہ وہ مختلف عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کی پیروی کریں تاکہ انصاف کی جلد فراہمی ممکن ہو سکے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے دربار ہال ڈپٹی کمشنر آفس لاڑکانہ میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ عدالتوں میں زیر التوا مقدمات کے جلد از جلد کمنٹس جمع کرائیں اور فوکل پرسن کا تقرر بھی کریں تاکہ مقدمات کو جلد نمٹایا جاسکے ۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ اٹارنی عبدالنبی ساریو نے بتایا کہ ضلع کی مختلف عدالتوں میں 118 مقدمات زیر سماعت ہیں جن میں کچھ پر کمنٹس موصول نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ مقدمات کو جلد حل کرنے کے لیے کمنٹس اور عملداروں کی موجودگی ضروری ہے ۔