تاجر یونین کا صدر گھر کی چھت سے گر کر جاں بحق
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)شہر قائد کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں تیز ہواؤں کے باعث مقامی تاجر چار منزلہ عمارت کی چھت سے گر کر جاں بحق ہوگیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق واقعہ شاہ فیصل کالونی نمبر 2شمع شاپنگ سینٹر کے قریب پیش آیا جب کہ متوفی کی شناخت 48 سالہ وسیم احمد کے نام سے کی گئی۔ایس ایچ او شاہ فیصل کالونی انسپکٹر عبدالحمید کھوکھر نے بتایا کہ متوفی شمع شاپنگ سینٹر کی یونین کا صدر تھا جو دوپہر میں تیز ہوائیں چلنے کی وجہ سے اپنی رہائشی 4 منزلہ عمارت کی چھت پر سولر پلیٹس کو دیکھنے گیا تھا۔ انسپکٹر عبدالحمید کھوکھر کے مطابق متوفی تیز ہواؤں کی وجہ سے اتفاقیہ طور پر بلندی سے گر کر جاں بحق ہوگیا جب کہ متوفی کی شمع شاپنگ سینٹر میں گارمنٹس کی دکانیں ہیں۔ پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش کو ورثا کے حوالے کردیا ہے۔