این آئی سی ایچ میں نومولود کے انتقال پر لواحقین کا طبی عملے پر تشدد
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)قومی ادارہ برائے صحت اطفال (این آئی سی ایچ) میں نومولود کے انتقال پر لواحقین نے طبی عملے کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔
اطلاعات کے مطابق بچے کی حالت تشویشناک تھی اور اسے رات گئے نجی اسپتال سے منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹرز نے بچے کو انکیوبیٹر پر رکھا تاہم بچے کی بلیڈنگ کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکا۔بچے کے انتقال پر مشتعل لواحقین نے ایمرجنسی نیونیٹل ایریا میں زبردستی داخل ہو کر ڈاکٹرز، نرسز اور سیکیورٹی عملے پر حملہ کیا۔ڈاکٹرز اور نرسز کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات معمول بن چکے ہیں اور اسپتال انتظامیہ انہیں تحفظ دینے میں ناکام ہو چکی ہے ۔ تشدد کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے این آئی سی ایچ کے عملے نے اسپتال کے باہر مظاہرہ کیا اور مطالبہ کیا کہ انہیں مناسب سیکیورٹی فراہم کی جائے ۔