نصرت بھٹو کالونی میں ٹینکر نے کمسن بچی کو کچل دیا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ٹریفک حادثات میں کمسن بچی سمیت 5افراد جاں بحق ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق ماڑی پور لیاری ایکسپریس وے پر کار کی ٹکر سے 55 سالہ مرتضیٰ جاں بحق جبکہ حادثے میں طیب، طیب اللہ ، 13 سالہ رحیم، 15 سالہ زین اور عثمان نامی شخص زخمی ہوئے ۔
ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کو سول اسپتال ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا۔ ادھر شارع نورجہاں تھانے کی حدود نصرت بھٹو کالونی الاثر امام بارگاہ کے قریب واٹر ٹینکر کی زد میں آکر تین سالہ بچی عروسہ دختر نوید جان سے گئی بچی گھر کے قریب کھیل رہی تھی کہ واٹر ٹینکر کی زد میں آگئی، واقعے کے بعد ٹینکر ڈرائیور ٹینکر چھوڑ کر موقع سے فرار ہو گیا۔شیر شاہ ہنڈا کمپنی کے قریب تیز رفتار چنگچی رکشہ بے قابو ہو کر ٹریلر میں جا گھسا جس کے نتیجے میں 39 سالہ خاتون عالیہ زوجہ عمر گل جاں بحق ہو گئی جبکہ حادثے میں 55 سالہ خاتون نور بی بی ،سات سالہ بچہ سفیان ،12 سالہ لڑکا ایان ، چار سالہ بچی فائزہ اور ایک 35 سالہ مرد زخمی ہوئے جنہیں سول اسپتال ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا ۔سپر ہائی وے کے علاقے میں بھی ٹریفک حادثے میں 55 سالہ نامعلوم شخص جان سے گیا جبکہ نیو سبزی منڈی رینجرز ہیڈ کوارٹر زکے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 28 سالہ موٹر سائیکل سوار نوجوان اسامہ جاوید جاں بحق ہو گیا متوفی کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی ۔