اسپرے نہ ہونے سے امراض پھیل رہے ہیں،ثروت قادری

  اسپرے نہ ہونے سے امراض پھیل رہے ہیں،ثروت قادری

کراچی(آن لائن )ٹوٹی پھوٹی سڑکیں گندگی کے ڈھیر دھول مٹی نے عوام کو بیمار کر دیا ہے ،جراثیم کش اسپرے نہ ہونے سے وبائی امراض پھیل رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے مرکزی صدر انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری نے قادری ہاؤس میں نجی این جی اوز کے وفد سے ملاقات کے موقع پر کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ محکمے اپنے فرائض خوش اسلوبی سے انجام نہیں دے رہے ہیں۔جہاں نظر جاتی ہے وہاں گندگی کے ڈھیر نظر آرہے ہیں۔سیوریج کے نظام کی ابتر صورتحال ہے مضافاتی علاقے ہو یا پوش علاقے ہر جگہ سیوریج کا پانی نظر آتا ہے ۔حکومت نے خود اعتراف کیا ہے ڈینگی اور چکن گونیا کہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے ۔وجہ صرف ایک ہی ہے اگر وقت پر جراثیم کش اسپرے کیا جاتا تو عوام کو مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت دعوے کرتی ہے کہ کراچی کو جدید ترقی یافتہ شہر بنائیں گی،شہری حکومت کا مکمل سسٹم موجود ہے ،فنڈ بھی دستیاب ہیں۔ملک بھر میں بالخصوص کراچی اور اندرون سندھ میں مسائل ہی مسائل نظر آرہے ہیں۔منتخب نمائندوں کے ہوتے ہوئے ہر طرف گندگی نظر آتی ہے ۔کراچی کی سڑکوں پر سفر کرنے کے بعد ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کسی گاؤں دیہات میں موجود ہیں۔جس طرح کی سڑکیں بنتی ہیں چھ مہینے بھی بمشکل چل پاتی ہیں۔اداروں کے آپس میں رابطوں کہ فقدان کی وجہ سے عوام کو ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔شہریوں کو ان سڑکوں سے گزرنے میں بہت مشکلات اٹھانی پڑتی ہیں۔گھنٹوں ٹریفک جام میں بھی پھنسا رہنا پڑتا ہے ۔ٹریفک حادثات انہی وجوہات کی وجہ سے ہوتے ہیں۔مناسب جگہوں پر کچرا کنڈی نہ ہونے کی وجہ سے جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر نظر آتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ ہمارے ہاں وبائی امراض پھیل رہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں