تعلیم ہی ملک کو بحران سے نکالنے کا راستہ، منعم ظفر

تعلیم ہی ملک کو بحران سے نکالنے کا راستہ، منعم ظفر

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ تعلیم ہی وہ روشن راستہ ہے جو پاکستان کو بحران سے نکال سکتا ہے۔۔۔

اسلامی جمعیت طلبہ اورٹیکنو فاسٹ کے آرگنائزر مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے طلبہ و طالبات کو اپنا ہنر پیش کرنے کے لیے مواقع فراہم کیے ۔ہمیں اپنے نوجوانوں کو آئی ٹی کے میدان میں آگے بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے تحت ٹیکنوفیسٹ پاکستان کے دوسرے روز افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے ناظم اسلامی جمعیت طلبہ کراچی حافظ آبش صدیقی،ماہر نیورولوجیسٹ ڈاکٹر واسع شاکر، پیما پاکستان کے صدر ڈاکٹر عاطف حفیظ، پیما کراچی کے صدر عبد اللہ متقی،ڈائریکٹر ڈائیگنوسٹک الخدمت کراچی ڈاکٹر ثاقب انصاری،جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق ودیگرنے بھی خطاب کیا۔ منعم ظفر خان نے اسٹالز کا دورہ کیا اور طلبہ و طالبات کی جانب سے اپنے ہی ہاتھوں سے بنائے ہوئے مختلف شاندار پروجیکٹس پر مبارکباد پیش کی اور حوصلہ افزائی کی۔انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان کے اندر آ رٹیفیشل انٹیلی جنس کو متعارف کرانے میں اسلامی جمعیت طلبہ ایک اہم کردار ادا کر رہی ہے ۔حافظ آبش صدیقی نے کہا کہ ملک میں مایوسی کے کلچر کو ختم کرنے کے لیے مستقبل کے معماروں کو جدید تعلیم سے آراستہ کیا جائے ۔محمد فاروق نے کہا کہ فوری طور پر طلبہ یونین بحال کی جائیں تاکہ تعلیمی اداروں میں طاقت کی بنیاد پر قبضے کا سلسلہ ختم ہو۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں