ریڈ لائن منصوبہ قبل ازوقت مکمل کرنے کا حکم
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ایک مرتبہ پھر ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبہ ٹائم لائن سے پہلے مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبہ کراچی کے لیے گیم چینجر ہے ، ہمیں ہر حال میں اس کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانا ہوگا، ریڈ لائن بی آر ٹی سندھ حکومت کے لیے اولین ترجیح ہے ، ریڈ لائن بی آر ٹی پر شب و روز کام جاری ہے ، کام میں تیزی لائی جائے اور عوامی منصوبہ ٹائم لائن سے پہلے مکمل کیا جائے ، ریڈ لائن بی آر ٹی کا مقصد ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنا اور لاکھوں کراچی والوں کے لیے ایک پائیدار، قابل اعتماد ٹرانسپورٹ کا حل فراہم کرنا ہے ۔ سندھ کے سینئر وزیر کی زیر صدارت ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے پر محکمہ ٹرانسپورٹ اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کا ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس کراچی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سی او ٹرانس کراچی شمائلہ محسن، بین الاقوامی کنسلٹنٹس، کنٹریکٹرز اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں ٹرانس کراچی کے حکام، کنٹریکٹرز اور کنسلٹنٹس نے جاری کام کے بارے میں بریفنگ دی ۔ اجلاس میں ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کے لاٹ 1 اور لاٹ 2 پر جاری ترقیاتی کام کی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز تعمیراتی کام کو تیز کرنے کے لیے ٹھوس کوششیں کریں اور تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لائیں۔ انہوں نے کہا کہ ائرپورٹ کے علاقے میں جاری ترقیاتی کاموں کی تکمیل کو تیز کرنے کے لیے ہوائی اڈے کے حکام کے ساتھ بات چیت کو تیز کیا جائے ، مزید تاخیر سے بچنے کے لیے درپیش تمام مسائل کو ایک ہفتے کے اندر حل کیا جانا چاہیے ۔واضح رہے کہ منصوبے پر کئی ماہ سے ترقیاتی کام بند ہے ، بتایا جا رہا ہے کہ ٹھیکے داروں کی جانب سے کام بند کیا گیا ہے جس کی سب سے بڑی وجہ ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت اور مہنگائی کا طوفان ہے ۔منصوبے کی ابتدائی لاگت کا تخمینہ 79 ارب روپے تھا جو موجودہ ایکسچینج ریٹ کے مطابق 139 ارب روپے تک جا پہنچا ہے۔ منصوبے میں تاخیر اور تعمیراتی کام کی وجہ سے یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوتی ہے، پانی، بجلی، کمیونی کیشن اور گیس سے متعلق تنصیبات کی منتقلی بھی منصوبے میں تاخیر کی ایک بڑی وجہ ہے۔