شارع فیصل بیوٹیفکیشن منصوبہ جلد مکمل کرنے کی ہدایت
کراچی(اسٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی الطاف گوہر میمن کا چیف انجینئر صمد جمالانی کے ہمراہ شارع فیصل پر جاری ترقیاتی کاموں کا طویل ہنگامی دورہ۔ دورہ کے دوران ڈی جی کے ڈی اے الطاف گوہر میمن نے جاری ترقیاتی کاموں کا نہ صرف جائزہ لیا ۔۔
بلکہ موقع پر موجود متعلقہ حکام سے تفصیلات طلب کیں۔ چیف انجینئر صمد جمالانی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ائرپورٹ تا شارع فیصل میٹروپول ہوٹل18 کلومیٹر طویل روڈ پر 7ڈیجیٹل آرٹیریز ایس ایم ڈی نصب کی جارہی ہیں جو ائرپورٹ کے 4 داخلی جبکہ 3 خارجی راستوں پر نصب کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ فیز 1کے پہلے مرحلہ میں فلک ناز ٹاور کے اطراف دکانوں کو چھپانے کے لئے آر سی سی باؤنڈری وال تعمیر کی جارہی ہے جس پر اعلیٰ کوالٹی کا میٹریل استعمال کیا جارہا ہے ، باؤنڈری وال پر مختلف میورل ڈیزائن بنائے جائیں گے جس سے ائرپورٹ کے اطراف خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوگا اور بیرون ملک سے آنے والے مندوبین کو شہر کراچی کا مثبت امیج جائے گا۔ شارع فیصل پر نت نئے پودے و درخت اور جدید طرز پر مشتمل فٹ پاتھ قائم کی جارہی ہیں جبکہ فٹ پاتھ کے ساتھ گرین بیلٹ، بینچز اور لائٹس بھی نصب کی جارہی ہیں۔ چیف انجینئر نے منصوبہ کی تکمیل کے دوران حائل رکاوٹوں کے بارے میں ڈی جی کے ڈی اے کو تفصیلی آگاہ کیا جس کے بعد ڈی جی نے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی کہ تمام حائل رکاوٹوں کا فوری طور پر خاتمہ کرکے منصوبہ کو جلد ازجلد مکمل کیا جائے ۔