ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز کی عدم فراہمی ناانصافی ،وقار مہدی

ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز کی عدم فراہمی ناانصافی ،وقار مہدی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی سینیٹر وقار مہدی نے وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کے میگا ترقیاتی منصوبوں کیلئے مطلوبہ فنڈز جاری نہ کرنے اور اس کے نتیجے میں ایسے منصوبے کی تکمیل میں غیرمعمولی تاخیر پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے ۔

 وفاق کو سب سے زیادہ ریونیو دینے والے صوبہ کے اہم ترین منصوبوں کیلئے فنڈز کی عدم فراہمی سراسر ناانصافی ہے ۔اپنے بیان میں وقار مہدی نے کہا کہ وفاقی حکومت کو ملک کی چاروں اکائیوں کو مساوی بنیادوں پر دیکھنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ کے فور منصوبہ کراچی کی ڈھائی کروڑ آبادی کیلئے انتہاہی اہمیت کا حامل ہے ، جسے سال 2026 میں مکمل ہونا ہے لیکن وفاقی حکومت کی جانب سے 130 ارب سے زائد کے منصوبے کیلئے گزشتہ مالی سال محض 15 ارب روپے مختص کرنا اور رواں مالی سال میں بھی اپنا یہ ہی رویہ جاری رکھنا سندھ اور بالخصوص کراچی شہر کے عوام سے بھونڈا مذاق ہے جس کی وجہ سے یہ منصوبہ تاخیر کا شکار ہونے کا اندیشہ ہے ۔ وقار مہدی نے کہا کہ کے فور منصوبہ کی طرح جامشورو - سہون دو رویہ روڈ کی تعمیر کا منصوبہ بھی وفاقی حکومت کی عدم توجہی کا شکار ہے ،اس روڈ پر آئے روز حادثات میں شہریوں کی قیمتی جانیں ضائع ہوتی ہیں جبکہ اس روڈ کی تعمیر سے حیدرآباد-سکھر شاہراہ پر بھی ٹریفک کے دباوَ میں نمایاں کمی آئے گی لیکن اس اہم منصوبے پر بھی مرکزی حکومت کوئی دلچسپی نہیں لے رہی ۔ وقار مہدی نے پی ایس ڈی پی میں شامل 49 ارب کے منظور شدہ دیگر منصوبوں کے التوا پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ان منصوبوں کوفوری مکمل کیا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں