میونسپل لائبریری کوٹری زبوں حالی کا شکار،ویران ہوگئی

میونسپل لائبریری کوٹری زبوں حالی کا شکار،ویران ہوگئی

کوٹری(نامہ نگار)میونسپل لائبریری کوٹری بلدیاتی حکام کی عدم توجہی ولاپروائی کے سبب زبوں حالی کا شکار ہوگئی۔

لائبریری کی چھت کاپلستر جگہ جگہ سے اکھڑ کر گرنے لگا ۔میونسپل کمیٹی کوٹری کروڑوں روپے فنڈز ہونے کے باوجود لائبری کی حالت زار بہتر بنانے سے قاصر ہے ۔کتابوں کے خالی ریک قارئین کا منہ چڑانے لگے ہیں ۔شہری ادبی وعلمی سہولت سے محروم ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق کوٹری لیاقت روڈ پر قائم ملک سکندر خان میونسپل لائبریری جوکہ رکن قومی اسمبلی ملک اسد سکندر کے والد کے نام سے منسوب ہے بلدیاتی حکام کی عدم توجہی ولاپروائی کے سبب زبوں حالی کا شکار ہو چکی،لائبریری کے چھت کا پلستر جگہ جگہ سے اکھڑ کر گرنے سے ملبہ جمع ہوگیا ،لاکھوں روپے کی مالیت سے تعمیر فارسیلنگ کی چھت اور وائرنگ ٹوٹ پھوٹ کاشکار ہوچکی ،اسی طرح لائبریری کی چھت اور سیڑھیوں پر گندگی کے ڈھیڑ جمع ہیں۔تین ماہ سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود لائبریری کی حالت زار کو درست نہیں کیا جاسکا اور نہ ہی لائبریری میں معلوماتی وادبی کتب کا ذخیرہ موجود ہے جس وجہ سے لائبریری ویران نظر آتی ہے ۔اس ضمن میں شہری وسماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ میونسپل کمیٹی کوٹری کو ماہانہ دو کروڑ روپے فنڈز ملتا ہے اور لائبریری کے لئے سالانہ بجٹ بھی مختص کیا جاتا ہے مگر اسکے باوجود لائبریری پر خرچ نہیں کیا جاتا ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بلدیاتی حکام سرکاری فنڈز میں خورد برد کرتے ہیں۔دوسری جانب بلدیاتی حکام نے لائبریری کے لئے آنے والے اخبارات کے بل بھی روک رکھے ہیں اور ادائیگی کے لئے ٹال مٹول سے کام لیا جاتا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں