محکمہ کسٹمز کے گرین چینل کے پیرا میٹرز میں ردوبدل، کنٹینرز پھنس گئے
کراچی(آن لائن)محکمہ کسٹمز کی جانب سے گرین چینل کے پیرامیٹرز میں اچانک ردو بدل کرنے سے ہزاروں درآمدی کنٹینرز پھنس کر رہ گئے ہیں ۔۔
جس کی وجہ سے درآمدکنندگان کو خطیر مالی نقصانات کا سامنا ہے جبکہ شپنگ کمپنیوں اور ٹرمینل آپریٹرز کو کروڑوں کا فائدہ ہورہا ہے ،کنسائمنٹس کی کلیئرنس میں مزید تاخیر کی صورت میں میڈیکل ڈیوائس، اسٹیل، دالوں سمیت دواؤں کی سپلائی متاثر ہونے کا اندیشہ ہے ۔ وفاقی چیمبر کی کسٹمزایڈوائزری کونسل کے چیئرمین اور کسٹمز امور کے ماہر خرم اعجاز نے گرین چینل میں پیشگی اطلاع کے بغیر ردوبدل پر گہری تشویش کا اظہار کیا کیونکہ ان اقدامات سے درآمدی کنٹینرز کی کلیئرنس تاخیر کا شکار ہونے سے بندرگاہ پر کنٹینرز کے ڈھیر لگ گئے ہیں جس کی وجہ سے درآمدکنندگان میں تشویش پائی جاتی ہے ۔