التواء کا شکار منصوبوں کی رفتار تیز کرکے جلد مکمل کرنیکی ہدایت
بدھو تالپور(نمائندہ دنیا)ارکان سندھ اسمبلی ہیر سوہو اور ریحانہ لغاری کی زیر صدارت مختلف سرکاری اسکولوں کی تزئین و آرائش، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے سے متعلق دربار ہال ڈی سی آفس سجاول میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر زاہد حسین رند بھی موجود تھے ۔
اجلاس میں اراکین اسمبلی ہیر سوہو اور ریحانہ لغاری نے متعلقہ انجینئرز کو سختی سے ہدایت کی کہ التوا کا شکار اسکیموں کو شروع کرنے کیلئے مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سست روی کے شکار منصوبوں کی رفتار تیز کرکے انہیں معیار کے ساتھ جلد مکمل کیا جائے ، تاکہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل ہو سکے۔ ایم پی اے ہیر سوہو نے کہا کہ انہوں نے ضلعی اے ڈی پی اسکیم میں 4 کروڑ روپے مختص کروائے ہیں ، تاکہ اسکولوں کی مرمت اور تزئیں و آرائش، سولر سسٹم، فرنیچر اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے محکمہ ایجوکیشن ورکس کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اس ضمن میں پی سی ون تیار کرکے جلد فراہم کریں ، تاکہ اس اسکیم کی منظوری لی جا سکے ۔ اس موقع پر متعلقہ اسکولوں کے اساتذہ نے درپیش مسائل سے آگاہ کیا، جس پر ایم پی اے ہیر سوہو نے انہیں تمام مسائل کے حل کی یقینی دہانی کروائی۔ اجلاس میں گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری اسکول ، گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول میرپور بٹھورو، گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری اسکول دڑو سمیت دیگر مختلف ترقیاتی اسکیموں کی پیشرفت سے متعلق تفصیلی جائزہ لیا گیا۔