روہڑی کے قریب مبینہ مقابلہ،ڈاکو ہلاک،ورثا کا احتجاج
سکھر(بیورو رپورٹ)روہڑی کے قریب پٹنی تھانے کی حدود میں کندھرا اوور ہیڈ برج کے مقام پر پولیس نے مبینہ مقابلے میں ڈاکورضازنگیجو کو مارنے اور اس کے قبضے سے اسلحہ اور لاکھوں روپے سے بھرا بیگ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا۔
پو لیس کے مطابق مقابلے کے دوران مارے جانے والے ڈاکو کا ساتھی فرار ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ ناکہ بندی پر تھے کہ انہوں نے موٹر سائیکل پر سوار ڈاکو اور اس کے ساتھی کو رکنے کا اشارہ کیا لیکن وہ نہ رکے تو پولیس نے تعاقب شروع کردیا جس پر ڈاکوئوں نے فائرنگ کی اور جوابی فائرنگ میں ڈاکو مارا گیا۔ پولیس کے مطابق مارا جانے والا ڈاکو سکھر اور روہڑی شہر میں ہونے والے کئی وارداتوں میں ملوث تھا۔ دوسری جانب اہلخانہ اور مظاہرین نے مقابلے کو جعلی قرار دیتے ہوئے رضا کی لاش کے ساتھ بائی پاس پر روہڑی کے قریب غلام بند کے مقام پر احتجاج کرتے ہوئے بائی پاس بند کردیا جس کے باعث ٹریفک کی آمدورفت معطل ہوکر رہ گئی ۔ احتجاج کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی۔ جس پر پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں شروع ہوگئیں ، مظاہرین نے پولیس پر پتھرائو کیا جس سے پولیس موبائلوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور ایک اے ایس آئی سمیت آٹھ اہلکار زخمی ہو گئے ، بعد ازاں پولیس نے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ کی۔