حادثات میں جانوں کا ضیاع ناقابل تلافی نقصان،متحدہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایم کیو ایم پاکستان کے ترجمان نے کراچی میں ٹریفک حادثات میں ہوشربا اموات پر گہری تشویش کا اظہار کیا کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں روزانہ کی بنیاد متعدد ٹریفک حادثات ہو رہے ہیں ۔۔
جس کے باعث قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے جو اس ملک کا ناقابل تلافی نقصان ہے ۔ترجمان نے مزید کہا کہ ٹریفک پولیس حادثات کی روک تھام کیلئے سدباب کرنے کے بجائے رشوت ستانی میں مصروف ہے لیکن دن کے اوقات میں کراچی میں ہیوی ٹریفک کی شہر میں آ زادانہ نقل و حرکت ان کو نظر نہیں آ تی شہر میں جگہ جگہ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جس سے حادثات میں مزید اِضافہ ہو رہا ہے لیکن شہر کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ،سندھ حکومت کریم آباد انڈر پاس اور ریڈ لائن کے نام پر ٹھیکیداروں سے کمیشن لے کر ان پراجیکٹس کو بھول گئی ہے ریڈ لائن پر سالوں سے جاری کام کی وجہ سے شہریوں کو روزانہ اذیت اٹھانا پڑ رہی ہے ۔ کراچی ٹریفک پولیس ہیوی ٹریفک کو قانون کے مطابق دن کے اوقات میں شہر میں داخلے سے روکے ،سندھ حکومت شہر میں ٹوٹی سڑکوں کی مرمت کے ساتھ ساتھ ریڈ لائن کے کام کی رفتار کو بھی بڑھانے پر بھی توجہ دیں۔علاوہ ازیں ترجمان نے ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت نویں جماعت کے نتائج پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت طلبہ کے مستقبل سے کھیلنے سے باز رہے ۔