نیو کراچی ٹاؤن ،گیس لائنوں کے لئے کھدائی پر تحفظات
کراچی(این این آئی)چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کی ہدایت پر وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر کی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اور سوئی سدرن گیس کے وفد سے ملاقات ہوئی ۔
وائس چیئرمین نے کہا کہ اہل نیو کراچی ٹاؤن کی جانب سے شکایات موصول ہورہی ہیں کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے ڈالی جانے والی لائنوں کی وجہ سے عوام ویسے ہی پریشانی سے دوچار ہیں اور کھدائی پر مامور عملہ کھدائی کے دوران پانی اور سیوریج کی لائنوں کو بھی ڈیمج کررہا ہے جس سے ایک طرف تو سیوریج کا پانی سڑکوں پر آرہا ہے اور پینے کے صاف پانی میں مل کر اُسے بھی خراب کررہا ہے جس کی وجہ سے عوام کی پریشانی میں مزید اضافہ ہورہا ہے ۔لہذا سوئی گیس کمپنی بہتر حکمت عملی اپنائے اور کھدائی کے دوران ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے والی واٹر اینڈ سیوریج لائنوں کی فوری مرمت کے اقدامات کرے تاکہ عوام کی بنیادی ضرورت بلا تعطل جاری رہے ۔اس موقع پر واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے نمائندوں نے کہا کہ سوئی گیس کمپنی کے ذمہ داران عوامی شکایات پر فوری توجہ دیں کیونکہ پینے کے پانی کی ترسیل میں خلل پیدا ہورہا ہے اور سیوریج کا نظام بھی متاثر ہورہا ہے ۔ اس موقع پر انچارج بی اینڈ آر فیصل صغیر نے کہا کہ ہماری سوئی سدرن گیس کمپنی سے پہلے ہی میٹنگ میں یہ بات طے ہوئی تھی کہ اندرونی گلیوں میں مینول لیبر سے کھدائی کرائی جائے گی اگر اندرونی گلیوں میں ایکسیویٹر سے کام لیا جارہا ہے تو اس کی یونین کمیٹی کے چیئرمین نشاندہی کریں تاکہ اس پر فوری ایکشن لیا جاسکے ۔ شعیب بن ظہیر نے کہا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی احتیاط سے کام کریں اور عوام کی پریشانی کو مزید نہیں بڑھائیں ۔