عوام کو غیرقانونی پورشنز میں سرمایہ کاری نہ کرنے کاانتباہ

عوام کو غیرقانونی پورشنز میں سرمایہ کاری نہ کرنے کاانتباہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرشید سولنگی نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی کی پالیسی کے مطابق ایس بی سی اے کی جاری مہم ایک بڑے آپریشن کی شکل اختیار کر چکی ہے۔۔

 اب تک متعدد غیر قانونی پر پے در پے کارروائی کے نتیجے میں غیرقانونی تعمیرات اور ان کی خرید و فروخت میں کمی آئی ہے تاہم مکمل خاتمے اور سدباب تک حوصلہ شکن سخت کارروائی جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے شفاف طریقئہ کار واضح کیا ہے ملوث افراد اور ان کی سرپرستی کرنے والے چھپ نہیں سکتے ۔ انہوں نے عوام الناس کو ایک بار پھر متنبہ کیا ہے کہ رہائشی پلاٹس پر غیر قانونی پورشنز اور یونٹس میں سرمایہ کاری غیرمحفوظ ہے جلد یا بدیر ایس بی سی اے کے ہاتھ اس تک ضرور پہنچیں گے لہٰذا اپنے سرمایے کو اپنے ہاتھوں برباد نہ کریں۔علاوہ ازیں ڈائریکٹر جنرل کی ہدایات پر ڈیمالیشن اسکواڈ کی جانب شہر بھی میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف انہدامی و دیگر قانونی کارروائی کے دوران ڈسٹرکٹ ایسٹ ، جمشید ٹاؤن کے علاقے سولجر بازار نمبر 1 میں پلاٹ نمبر 66-B , کچھی پاڑہ پر پانچویں منزل پر خالی فلیٹ کو منہدم اور دکانوں کو سربمہر ، جبکہ پلاٹ نمبر 65-B , کچھی پاڑہ اور پلاٹ نمبر 13 اور 14 سولجر بازار پر غیر قانونی تعمیرات کو سربمہر کردیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ویسٹ ، اورنگی ٹاؤن میں پلاٹ نمبر 415 اور 416 سیکٹر ساڑھے گیارہ پر غیر قانونی دکانوں کے رولنگ شٹرز کو ہٹا کر احاطے کو سربمہر کردیا اور پلاٹ نمبر 170، اسٹریٹ 01، سیکٹر ساڑھے گیارہ پر پہلی منزل کی تعمیرات کو منہدم کردیا جبکہ گراؤنڈ فلور پر دکانوں پر انہدام کے خلاف مجمعہ کی مزاحمت کے دوران کارروائی کو ملتوی کرنا پڑا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں