ائرپورٹ دھماکا:ملزمان جوڈیشل ریمانڈ پر جیل روانہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)انسداد دہشت گردی منتظم عدالت نے ائر پورٹ خود کش دھماکا کیس میں ملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجتے ہوئے چالان طلب کرلیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی حکام نے کراچی ائرپورٹ خود کش دھماکا کیس میں گرفتار خاتون سمیت 2 ملزمان کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کراچی میں پیش کر دیا۔ اس دوران سی ٹی ڈی کے تفتیشی افسر نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 11 دسمبر تک توسیع کی استدعا کرتے ہوئے بتایا کہ ملزمان سے تفتیش کے لئے جے آئی ٹی کا اجلاس ہوچکا ہے ۔ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی جائے ۔ انسداد دہشت گردی منتظم عدالت نے پولیس کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے گرفتار ملزم جاوید اور گل نساء کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے کیس کا چالان بھی طلب کرلیا ہے ۔استغاثہ کے مطابق ملزمان پر 6 اکتوبر کو کراچی ائر پورٹ کے قریب ہونے والے خود کش دھماکے میں سہولت کاری کا الزام ہے ۔علاوہ ازیں سی پیک حکام نے ائرپورٹ دھماکے کے بعد تحویل میں لی گئی گاڑیوں کی واپسی کے لئے درخواست دائر کردی ہے ۔ درخواست پر عدالت نے مقدمے کے تفتیشی افسر اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 16 دسمبر تک جواب طلب کرلیا ہے ۔واضح رہے کہ کراچی ائرپورٹ خود کش دھماکے میں متاثر ہونے والی گاڑیاں بطور شواہد پولیس کی تحویل میں لی گئی تھیں۔