اسکریپ کی آڑ میں بیٹریاں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

 اسکریپ کی آڑ میں بیٹریاں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کسٹمز نے اسکریپ کی آڑ میں قابل استعمال بیٹریاں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔درآمدکنندہ سنچری انجینئرنگ نے اسکریپ بیٹری کے 8 کنٹینرز درآمد کرکے کلیئرنس حاصل کرلی تھی۔

حساس ادارے کی جانب سے موصول ہونے والی خفیہ اطلاع پر کلکٹر انفورسمنٹ نے خصوصی ٹیم تشکیل دی جس نے کے آئی سی ٹی سے کلیئر ہونے والے بیٹری اسکریپ کی مانیٹرنگ سخت کردی۔24 نومبر کو میسرز سینچری انجینئرنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کی جانب سے کلیئر کرائے جانے والے کنسائمنٹس کو ویسٹ وہارف آئی سی آئی پل پر روک کر ہمراہ جانے والے کلیئرنگ ایجنٹ کے نمائندے سے کنسائمنٹ کی دستاویزات سمیت دیگر تفصیلات طلب کی گئیں تو انہوں نے محکمہ کسٹمز میں داخل کردہ 3 گڈز ڈیکلریشن دکھائے جس میں اسکریپ بیٹری ظاہر کیے گئے تھے ۔دستاویزات کے مطابق اسکریپ بیٹری کے 8 کنٹینرز کی گرین چینل سے کلیئرنس حاصل کی گئی تھی۔ درآمدکنندہ نے ایک کنٹینر ناردرن بائی پاس میں واقع اپنے گودام منتقل کردیا تھا۔ حکام نے 8 کنٹینرز کو تحویل میں لے لیا ہے جس کی مالیت 40 لاکھ روپے ہے ۔جانچ پڑتال اور لیبارٹری ٹیسٹنگ میں 13کروڑ 49لاکھ روپے مالیت 6748 بیٹریوں کی قابل استعمال ہونے کی تصدیق ہوئی ہے ۔ حکام نے متعلقہ کلیئرنگ ایجنٹ اور درآمدکنندہ کمپنی کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور برآمد شدہ مال کو اے ایس او کسٹمز گودام منتقل کردیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں