جوبائیڈن عافیہ کو صدارتی معافی کا اعلان کریں،پاسبان
کراچی (این این آئی)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ صدر جوبائیڈن 22سال سے امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو دیگر قیدیوں کی طرح صدارتی معافی دے کر رہاکریں ۔
پی ڈی پی کے چیئرمین نے امریکی صدر کو ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لئے ایک خط لکھا ہے جس میں اپیل کی گئی ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی طویل عرصے سے امریکی جیل میں قید ہیں۔ جج نے انتہائی کمزور، ناقص اورجھوٹے الزامات پر انہیں 46 سال قید کی سزا سنائی جو قانون اور انصاف کے تمام اصولوں کی خلاف ورزی ہے ۔ امریکی عدالتوں میں قتل کی سزا ہی 10سال ہے لیکن عافیہ نے تو کسی کو قتل بھی نہیں کیا۔ عافیہ وہ ایک غریب ماں ہے جسے اپنے معصوم بچوں کے ساتھ اغوا کیا گیا۔ افغانستان میں انسانی اسمگلنگ کی گئی اور غیر قانونی طور پر امریکہ منتقل ہونے سے پہلے غیر انسانی مظالم ڈھائے گئے ۔اس کا ایک شیر خوار بچہ ، جواغوا کے دوران اس سے چھین لیا گیا تھا، ابھی تک لاپتہ ہے اور یہ تک معلوم نہیں ہے کہ وہ مردہ ہے یا زندہ ۔ عافیہ صدیقی کو کئی سالوں سے اسے اپنی فیملی سے بات کرنے کی اجازت بھی نہیں دی گئی ہے ،امریکی صدر کو عہدہ چھوڑنے سے قبل ایک موقع ملا ہے کہ وہ غریب ڈاکٹر عافیہ کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر صدارتی معافی دے کر انصاف فراہم کر کے تاریخ رقم کریں۔