کورنگی گودام پر چھاپہ ، رمضان سے قبل کروڑوں روپے کی چینی ذخیرہ کر نے کی کوشش ناکام

کورنگی  گودام  پر  چھاپہ  ، رمضان  سے قبل  کروڑوں  روپے  کی چینی  ذخیرہ  کر نے  کی کوشش  ناکام

کراچی (اسٹاف رپورٹر)رمضان سے قبل کروڑوں مالیت کی چینی ذخیرہ کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 20 ہزار کے قریب چینی کی بوریاں برآمد کرلیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں رمضان سے قبل کروڑوں مالیت کی چینی ذخیرہ کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی، ڈپٹی کمشنر کورنگی اور دیگرحکام نے کورنگی میں گودام پر چھاپہ مارا۔چھاپے کے دوران ذخیرہ کی گئی 20 ہزار کے قریب چینی کی بوریاں برآمد کرلیں، برآمد شدہ مال سندھ کی 9 شوگر ملز کا ہے ۔بوریوں پر ایف بی آر کا جعلی اسٹیکر بھی لگا ہوا ہے ، وزیراعظم کی ہدایت پر بڑا ٹارگٹڈ آپریشن کیا جا رہا ہے ۔چھاپے میں ایف بی آر،بیوروآف سپلائی اینڈپرائس کنٹرول افسران شریک ہوئے ، آپریشن میں شریک افسران کی جانب سے رجسٹر چیک کیے جا رہے ہیں۔ سرکاری کارروائی کے بعد گودام کو سیل کر دیا گیا جبکہ چینی کو سرکاری نرخ پر فروخت کیا جائے گا۔یادرہے کہ اجناس کی قیمتوں میں سٹے بازی اور ذخیرہ اندوزی کا مافیا شہر بھر میں ایک بار پھر سرگرم ہوگیا ہے مگر مجال ہے کہ کمشنر کراچی سمیت دیگر پرائس کنڑول ڈیپارٹمنٹ ہوش کے ناخن لے لیں۔ملز مالکان ہوں ہول سیل مارکیٹ ہو یا ریٹیل مارکیٹ ہر سو اجناس کی قیمتوں میں سٹے کا بازار گرم ہے کمشنر ہاؤس کی جانب سے پرائس کنڑول لسٹ کا اجراء تو کیا جاتا ہے مگر اس کی رٹ قائم کرنے کیلئے کچھ نہیں کیا جاتا اسی وجہ سے سرکاری قیمتوں میں اور بیوپار کی خود ساختہ قیمتوں میں بڑا فرق سامنے آرہا ہے ۔شہر قائد میں چینی کے نرخ 160روپے فی کلو تک پہنچ گئے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں