غیرقانونی سرگرمیاں،3کے ڈی اے افسران معطل

کراچی(این این آئی)ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی الطاف گوہر میمن نے گلستان جوہر میں کے ڈی اے کی اراضیوں پر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افسران کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے معطل کردیا۔
رواں ماہ ڈی جی کے ڈی اے نے سائل کی جانب سے شکایت اور میڈیا کی نشاندہی پر ایکشن لیتے ہوئے گلستان جوہر میں واقع پلاٹ نمبر A/176 بلاک 2 کے کاغذات میں جعلسازی کرنے پر ایڈیشنل ڈائریکٹر لینڈ گلستان جوہرعاطف نقوی ، ایگزیکٹو انجینئر گلستان جوہر سید اورنگزیب اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ گلستان جوہر عثمان واسع کو عہدہ سے برطرف کردیا ۔ ڈی جی کے ڈی اے نے ڈائریکٹر لینڈ آصف رضا چانڈیو کو وضاحتی لیٹر جاری کیاجس کے مطابق گلستان جوہر میں کے ڈی اے اراضیوں کی بڑے پیمانے پر جعلسازی اور جعلسازی میں مرتکب افسران و ملازمین کی نشاندہی کی مکمل تفصیلات طلب کی گئی ہے ۔یاد رہے کہ ڈی جی کے ڈی اے الطاف گوہر میمن کے احکامات پر سیکریٹری کے ڈی اے نے لیٹر جاری کیا ہے جس کے مطابق ڈائریکٹر لینڈ کے دستخط کے بغیر کسی بھی فائل پر آئی ٹی ڈپارٹمنٹ اور ریکوری ڈپارٹمنٹ میں دفتری کارروائی عمل میں نہیں لائی جائے گی، ڈائریکٹر لینڈ نے کسی بھی فائل پر دستخط کرنے سے انکار کردیا جس کے باعث کے ڈی اے میں روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی ریکوری بری طرح متاثر ہوئی ہے۔