کورنگی میں لگی آگ ازخود بجھنے کے بعد پھر لگا دی گئی

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کورنگی کریک میں گڑھے کی آگ بجھنے کے بعد گیس پھیلنے سے روکنے کیلئے دوبارہ لگا دی گئی۔آگ ماہرین کی نگرانی میں محفوظ طریقے سے لگائی گئی۔
موقع پر حفاظتی انتظامات مزید سخت کردئیے گئے ہیں اور فائر بریگیڈ کا عملہ بھی موجود ہے ۔اس سے قبل منگل کی صبح کورنگی کریک میں گڑھے میں لگنے والی آگ 18 روز بعد اچانک بجھ گئی تھی۔ آگ بجھنے کے بعد گیس کا اخراج جاری تھا اور پورے علاقے میں گیس کے اخراج کے باعث بو پھیل گئی تھی۔ گیس کے اخراج کے باعث غیر متعلقہ افراد کو قریب جانے سے روکا دیا گیا تھا۔آگ کی جگہ پر زمین سے نکلنے والی گیس کا پریشر برقرار ہے ۔ آگ 29 مارچ کوکورنگی کراسنگ کے قریب نجی سوسائٹی کے خالی پلاٹ پرپانی کی بورنگ کے دوران بھڑکی تھی۔کورنگی میں لگنے والی آگ کا پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے سروے کیا تھا۔ پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ اور آئل کمپنی کے حکام نے آگ کی وجوہات جانے کے لیے سروے کیا تھا جبکہ منرل ٹیسٹ بھی کروایا گیا تھا۔سرابرہ کنٹونمنٹ بورڈ کورنگی کریک فیصل وٹو نے آگ کے مقام پرمیڈیا سے گفتگو میں کہا کہ 18 روز مسلسل آگ کی مانٹیرنگ کی جارہی تھی۔ گزشتہ روز وزارتِ پٹرولیم نے امریکی کمپنی کیڈ ویل کنٹرول کی خدمات حاصل کی تھیں۔ ڈرلنگ، کمپلیشن اورسیفٹی پرمشتمل ماہرین کی ٹیم نے سائٹ کا مکمل جائزہ لیا۔ گیس کے حجم کے باعث گڑھا مزید پھیل گیا۔ آگ کے اطراف500 میٹر کا علاقہ تاحال کارڈن رہے گا۔سربراہ کنٹونمنٹ بورڈ کورنگی کریک کا مزید کہنا تھا کہ کینٹونمنٹ بورڈ کورنگی کریک نے بھی ایس جی ایس لیب کی کیمیائی رپورٹ کے لیے درخواست دے رکھی ہے ۔ سرویلنس رپورٹ کے بعد معاملہ مزید کلیئر ہوگا۔ گزشتہ روزکاربن ڈائی اکسائیڈ، میتھین، ہائیڈروجن سلفائن اور اکسیجن کے نمونے حاصل کیے تھے ۔انہوں نے کہا کہ جائے وقوعہ سے گیس کا اخراج ہو رہا ہے ۔ شہریوں سے اپیل ہے یہاں نہیں آئیں۔ عملے کو بھی سیفٹی کی ہدایات کی گئی ہے ۔ آگ کے مقام پر متعلقہ محکموں کے افسران ، انجینئرز، چیف فائر آفیسر سمیت دیگر افسران موجود ہیں۔