خاتون سے چھیڑ چھاڑ پر کٹپر،جویو برادری میں جھگڑا،1 ہلاک، 3 زخمی

روہڑی (نمائندہ دنیا) روہڑی کے نواحی علاقے کندھرا کے گاؤں مزار خان جویو میں کلینک میں خاتون سے مبینہ چھیڑ چھاڑ کے معاملے پر کٹپر اور جویو برادری کے درمیان جھگڑے او ر فائرنگ کے نتیجے میں نوجوان محمد امین ولد غلام نبی کٹپر موقع پر ہلاک جبکہ ایڈووکیٹ غلام مرتضیٰ کٹپر، محمد ایاز کٹپر اور محمد صادق کٹپر شدید زخمی ہوگئے ۔
اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں اور لاش کو رورل ہیلتھ سینٹر کندھرا منتقل کیا ، جہاں پر حالت نازک ہونے پر زخمیوں کو سول اسپتال سکھر منتقل کر دیا گیا۔ جبکہ لاش کو تعلقہ اسپتال روہڑی سے پوسٹ مارٹم اور قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیا گیا۔ کٹپر برادری نے الزام لگایا ہے کہ جویو برادری نے حملہ کرکے ایک نوجوان کو ہلاک اور 3 کو زخمی کیا ہے ۔ پولیس نے جویو برادری کے تین افراد کو حراست میں لیکر تفتیش کا آغاز کردیا ۔ پولیس نے کسی گرفتاری سے انکار کرتے ہوئے بتایا کہ فی الحال مقدمہ درج نہیں ہوا ہے ۔ مقتول کے ورثا کے آنے پر مقدمہ درج کیا جائے گا۔