پی آئی ایم ای سی کا دوسرا ایڈیشن 3نومبر سے شروع ہوگا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس(پی آئی ایم ای سی)2025 کا دوسراایڈیشن3 سے 6 نومبر 2025 کو کراچی ایکسپو سینٹر میں ہوگا۔۔
ایونٹ کی تیاریوں کا آغاز کرتے ہوئے پاکستان نیوی کی جانب سے ہیڈکوارٹرز کمانڈر کراچی میں اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا گیا جس کی صدارت وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی، ہلالِ امتیاز (ملٹری)(کمانڈر کراچی)نے کی۔ اجلاس میں وفاقی وزارتوں، حکومت سندھ کے مختلف محکموں، پاکستان نیوی، قانون نافذ کرنے والے اداروں اورپی آئی ایم ای سی25کے شریک منتظم بدر ایکسپو سلوشنز کے سینئر نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک صفحے پر لا کر اس بین الاقوامی معیار کے ایونٹ کو کامیابی سے ہمکنار کرنا تھا۔ کمانڈر کراچی وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی نے کہا کہ پی آئی ایم ای سی کا انعقاد پاکستان میں میری ٹائم سیکٹر کی استعداد کو اجاگر کرنے اور بلیو اکانومی سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرے گا ۔کمانڈر کراچی نے تمام متعلقہ اداروں کے جذبے ، مربوط منصوبہ بندی اور تعاون پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پی آئی ایم ای سی معیشت کے فروغ اور پاکستان کے عالمی وقار میں اضافے کا باعث بنے گا۔ایونٹ کی کامیابی حکومتی اداروں، پاک افواج، عوامی و نجی میری ٹائم انڈسٹری، تجارتی تنظیموں اور وفاقی وزارتوں کی بھرپور معاونت کی مرہونِ منت ہے ۔واضح رہے کہ پی آئی ایم ای سی پاکستان کی میری ٹائم انڈسٹری کا دو سال بعد منعقد ہونے والا ایک فلیگ شپ ایونٹ ہے ۔