میہڑ :مقابلے میں پکڑے گئے 2ڈاکو انتہائی مطلوب نکلے

میہڑ :مقابلے میں پکڑے گئے 2ڈاکو انتہائی مطلوب نکلے

میہڑ، اندرون سندھ (نمائندگان دنیا) اندرون سندھ مختلف کارروائیوں کے دوران 28 ملزم پکڑے گئے۔ میہڑ میں گذشتہ شب زخمی حالت میں گرفتار ہونے والے دونوں ڈاکو نہ صرف پولیس اہلکار کی شہادت میں ملوث نکلے۔۔

 بلکہ ان پر دہشتگردی کے تحت سنگین مقدمات درج ہیں۔ راشد علی ولد حامد علی لاڑ اور مظفر ولد امداد علی لاڑ، رہائشی وارہ ضلع قمبر شہدادکوٹ، پولیس اہلکار زاہد حسین تنیو کی شہادت کے مرکزی ملزمان تھے ۔ ملزمان سے برآمد ہونے والی رائفلیں وہی تھیں جو شہید کانسٹیبل اور اس کے ساتھی سے چھینی گئی تھیں۔ سکھر پولیس نے  جواریوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کی ہیں۔ 8ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمات درج کر لیے گئے۔ ایس ایس پی اظہر خان کی ہدایت پر روہڑی پولیس نے مخفی اطلاع پر چھاپہ مار کر آکڑا پرچی اور تاش پر جوا کھیلنے والے آٹھ افراد کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان سے 1600 روپے نقد، آکڑا پرچی بکس اور موبائل فونز برآمد کیے گئے ۔تھانہ نیوپنڈ پولیس نے علیحدہ کارروائی میں سلمان میرانی اور ایک ملزم کو گرفتار کر کے داو پر لگی رقم اور تاش برآمد کرلی۔ نوشہرو فیروز پولیس کا وسیع پیمانے پر منشیات فروشوں کے خلاف آپریشن، ایک درجن ملزموں کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر لی گئیں۔ ترجمان کے مطابق مختلف تھانوں کی کارروائیوں میں نبی بخش، شعبان، رزاق، اعظم، دلبر، شریف، بشیر، بابر اور جمن سمیت دس منشیات فروش گرفتار کر لیے گئے ۔ پولیس نے 3030 گرام چرس، 55 گرام آئس، 110 لیٹر کچی شراب، 2 بوتلیں شراب اور 330 گرام مضر صحت گٹکا برآمد کیا۔ محراب پور میں مزید 4 منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے 5000 گرام چرس اور 1860 گرام گٹکا برآمدکرلیاگیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں