لاڑکانہ :میٹرک امتحانات کے آخری روز کئی کاپی کیس درج

لاڑکانہ :میٹرک امتحانات کے آخری روز کئی کاپی کیس درج

لاڑکانہ (بیورو رپورٹ)لاڑکانہ تعلیمی بورڈ کے زیر نگرانی نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات اختتام کو پہنچ گئے ۔۔

امتحانات کے آخری روز بھی نقل کا سلسلہ بدستور جاری رہا، جب کہ متعلقہ انتظامیہ اور وِجیلنس ٹیموں نے کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد خلاف ورزیاں پکڑیں۔ میٹرک کے سالانہ امتحانات کے آخری روز نویں جماعت کے انگریزی اور اسلامیات کے پرچے لیے گئے ،جن میں اکثر امتحانی مراکز میں امیدوار کھلے عام گائیڈز، موبائل فونز اور دیگر مواد کے ذریعے نقل کرتے نظر آئے ۔ انویجیلیٹرز کی موجودگی کے باوجود امتحانی مراکز میں نقل کا سلسلہ بلا روک ٹوک جاری رہا، جب کہ امتحانی عملہ بے بسی کا شکار دکھائی دیا۔ ادھر انتظامیہ کی جانب سے مقرر کردہ اسسٹنٹ کمشنر راجہ خان قریشی کی ہدایت پر اسسٹنٹ مختیارکار شکیل احمد سومرو، پٹواری وسیم خان سیال اور دیگر افسران نے گورنمنٹ پائلٹ ہائر سیکنڈری اسکول کا دورہ کرکے امتحانی انتظامات کا جائزہ لیا۔دوسری جانب لاڑکانہ تعلیمی بورڈ اور محکمہ تعلیم کی جانب سے تشکیل دی گئی وِجیلنس ٹیموں نے لاڑکانہ شہر، ضلع اور ڈویژن کے پانچوں اضلاع سمیت دادو کی تحصیلوں میہڑ اور کے این شاہ کے امتحانی مراکز میں کارروائی کے دوران درجنوں امیدواروں سے موبائل فونز، گائیڈز اور دیگر مواد برآمد کرکے ضبط کر لیا گیا، کئی امیدواروں کیخلاف کاپی کیس بنائے گئے جب کہ جعلی امیدواروں کو شناخت کے بعد امتحانی مراکز سے باہر نکال دیا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں