جناح اسپتال :ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت سے مریض جاں بحق
کراچی (اسٹاف رپورٹر)جناح اسپتال میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت کے باعث 17 سالہ نوجوان نثار علی زندگی کی بازی ہار گیا، جس پر لواحقین نے میت کے ہمراہ صدر تھانے کے باہر شدید احتجاج کیا۔
واقعے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ۔تھانہ صدر میں درج مقدمہ نثار علی کے چچا میر مرتضیٰ کی مدعیت میں تشدد، غفلت اور لاپرواہی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا، جس میں ڈاکٹر شیو رام، ڈاکٹر یاسین عمرانی سمیت دیگر اسپتال عملے کو نامزد کیا گیا ہے ۔مدعی کے مطابق نثار علی سانس کے مرض میں مبتلا تھا اور وارڈ نمبر 7 میں زیر علاج تھا۔ ڈاکٹروں نے مریض کو آئی سی یو منتقل کرنے کی ہدایت کی، مگر جب مریض کو وارڈ نمبر 23(آئی سی یو)لایا گیا تو ڈاکٹروں نے اسے داخل کرنے سے انکار کردیا۔مدعی کا دعویٰ ہے کہ بار بار منت سماجت کے باوجود ڈاکٹرز نے نہ صرف مریض کو وارڈ میں داخل نہیں کیا بلکہ اہلِ خانہ کو وارڈ سے زبردستی باہر نکال دیا اور ان پر تشدد بھی کیا۔ نثار علی کو بروقت علاج نہ ملنے کے باعث وہ دم توڑ گیا۔لواحقین نے واقعے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے اسپتال انتظامیہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ احتجاج کے بعد مقدمہ درج کرلیا گیا، جبکہ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔دوسری جانب ڈاکٹروں نے بھی تشدد کرنے کے خلاف 12 نامزد سمیت دیگر افراد کے خلاف تھانہ صدر میں ہی مقدمہ درج کرادیا ، تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی۔