لاڑکانہ :ریلی میں زخمی بچے کا مقدمہ 3ملزموں کے خلاف درج

لاڑکانہ :ریلی میں زخمی بچے کا مقدمہ 3ملزموں کے خلاف درج

لاڑکانہ (بیورورپورٹ) لاڑکانہ میں قوم پرست جماعت کی ریلی پر فائرنگ سے 12 سالہ بچہ زخمی ہونے کا معاملہ، واقعہ کا مقدمہ 3 ملزموں کے خلاف درج۔۔

ورثا نے پولیس کی موجودگی میں جھگڑا کرکے تشدد کا نشانہ بنانے کا الزام عائد کرتے ہوئے ملزموں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا، پولیس نے ملزموں کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کا سلسلہ شروع کردیا۔ تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ کے تھانہ رحمت پور کی حدود واقع گاسلیٹ ڈپو کے علاقے میں ایک روز قبل شٹرڈاؤن ہڑتال کے دوران دکانیں بند کرنے کے دوران قوم پرست جماعت کی ریلی پر مسلح افراد کی فائرنگ سے 12 سالہ ایان علی کجھڑ زخمی ہوگیا۔ واقعہ کا مقدمہ زخمی بچے کے والد آصف علی کی مدعیت میں اعجاز ڈونگر، ایاز ڈونگر اور زبیر ڈونگر کے خلاف درج کیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقدمہ درج ہونے کے بعد نامزد ملزموں کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کا سلسلہ شروع کردیا،جلد ملزموں کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ دوسری جانب متاثرہ بچے کے والد آصف علی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ پیر کو پولیس کی موجودگی میں مقدمے میں نامزد ملزموں نے 40 سے 50 ساتھیوں کے ہمراہ تھانے میں جھگڑا کرکے ہمیں تشدد کا نشانہ بنایا، لیکن پولیس ملزموں کے آگے بے بس بنی رہی۔ ہمارا مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ میں ملوث ملزموں کو گرفتار کرکے ایس ایچ او رحمت پور کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں