انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز،سخت سکیورٹی انتظامات

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر 21 تا 27 اپریل انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے انسداد پولیو مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے حکومت سندھ پرعزم ہے ۔ بچوں کو معذوری سے بچانا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں انسداد پولیو مہم کے دوران 1کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے ، ایک کروڑ چھ لاکھ بچوں میں سے شہر کراچی میں 5 سال سے کم عمر 27 لاکھ بچوں کو پولیو ویکسین دی جائے گی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تقریباً 69724 تربیت یافتہ پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے علاوہ اسکولوں، شاپنگ مالز اور ٹرانزٹ پوائنٹس پر بھی پولیو ویکسین کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔سکیورٹی کے حوالے سے مراد علی شاہ نے کہاکہ فول پروف انتظامات، پولیو ورکرز کی حفاظت کیلئے 25360 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔مراد علی شاہ نے والدین کو پیغام دیا کہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں، پولیو کا کوئی علاج نہیں، صرف ویکسین ہی معذوری سے بچا سکتی ہے ، یہی ویکسین دنیا سے پولیو کے خاتمے کا سبب بنی۔ حج و عمرہ پر جانے والے افراد کو بھی یہی پولیو ویکسین دی جاتی ہے ۔تقریب میں وزیرصحت ڈاکٹرعذرافضل پیچوہو،چیف سیکریٹری،آئی جی اوردیگرشریک ہوئے۔