میئرکراچی 14سال سے زیرالتوا درخواستوں پرسندھ ہائیکورٹ طلب
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ میں سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کراچی کی جانب سے 2011 میں صنعتوں اور فیکٹریوں کو گراونڈ رینٹ کی ادائیگی کے نوٹسز کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ ریکارڈ سے ظاہر ہوتا ہے کہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کی عدم دلچسپی کے باعث درخواستیں گزشتہ 14 برس سے زیر التوا ہیں۔
عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سماعت پر بھی میئر کراچی کو یا کسی سینئر افسر کو عدالتی معاونت کے لیے بھیجنے کے لیے نوٹس جاری کیا گیا تھا، لیکن اس کے باوجود کوئی سینئر افسر عدالت میں پیش نہیں ہوا۔ عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر میئر کراچی خود ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوں۔ عدالت نے درخواستوں کی مزید سماعت 13 مئی تک ملتوی کردی۔ واضح رہے کہ مختلف صنعتوں اور فیکٹریوں نے سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کراچی کی جانب سے 2011 میں بھیجے گئے گراونڈ رینٹ کے نوٹسز کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا۔