عمر کوٹ :سندھ یونیورسٹی کیمپس کی عمارت خستہ حال، طلبہ خوفزدہ

عمرکوٹ(نمائندہ دنیا)عمرکوٹ میں سندھ زرعی یونیورسٹی کے کیمپس کی عمارت انتہائی خستہ حالی کا شکار ہو چکی۔۔
، چھتوں سے پلستر گرنے کے باعث کسی بڑے حادثے کا خطرہ منڈلانے لگا ہے ، طلبہ و طالبات خوفزدہ اور تعلیمی سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں۔اطلاعات کے مطابق عمرکوٹ میں سندھ زرعی یونیورسٹی کیمپس کی عمارت خطرناک حد تک خستہ حال اور بوسیدہ ہو چکی ہے ، چھتوں سے پلستر کے چاپڑ گرنے کے واقعات روز کا معمول بن گئے ہیں، جس سے کسی بھی وقت بڑے حادثے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق وزیر تعلیم سندھ سردار علی شاہ کے آبائی ضلع میں واقع اس تعلیمی ادارے کی عمارت کا تعمیراتی کام 2008 میں شہید بے نظیر بھٹو انگلش ماڈل اسکول کے لیے شروع کیا گیا تھا، تاہم نامعلوم وجوہات کے باعث آج تک صرف چند کمرے اور نصف عمارت ہی مکمل ہو سکی ہے ۔بعد ازاں، اسکول کا قیام عمل میں نہ آ سکا اور زیر تعمیر عمارت میں عارضی طور پر سندھ زرعی یونیورسٹی کیمپس قائم کیا گیا، جہاں اس وقت بھی سینکڑوں طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں۔ عمارت میں دراڑیں پڑ چکی ہیں، چھتیں اور برآمدے غیر محفوظ ہو چکے ہیں، جس کے باعث کیمپس انتظامیہ نے بعض حصے طلبہ کے لیے بند کر دیے ہیں۔صفائی ستھرائی کی حالت بھی ناقابل بیان ہے ، جبکہ امتحانات کا عمل متاثر ہو رہا ہے ۔ خوف کے عالم میں طلبہ کا تعلیمی ماحول تباہ ہو چکا ہے ۔ انتظامیہ سے مؤقف کے لیے بارہا رابطہ کیا گیا، مگر کوئی جواب موصول نہ ہو سکا۔